Live Updates

نئے صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے، محمد علی درانی

جمعرات 11 ستمبر 2025 22:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء) سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی سے ایم کیو ایم پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال، سیلابی تباہ کاریوں اور نئے انتظامی صوبوں کے قیام جیسے اہم قومی معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات محمد علی درانی کی رہائش گاہ پر ہوئی جس میں ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما اور تحریک صوبہ پوٹھوہار کے کنوینر زاہد ملک نے وفد کی قیادت کی۔

وفد میں ایم کیو ایم پنجاب کے سیکریٹری جنرل کرامت علی شیخ اور ایڈیشنل سیکریٹری جنرل عمر علی آغا بھی شامل تھے۔ وفد نے نئے صوبوں کے قیام اور صوبہ بہاولپور کی بحالی کے لیے محمد علی درانی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا، اور اس جدوجہد میں مل کر کاوشیں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

گفتگو کے دوران محمد علی درانی نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام، نیشنل فنانس کمیشن کی منصفانہ تقسیم، اور صوبائی سطح پر فنانس کمیشن کے قیام جیسے اقدامات وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکے ہیں۔

انہوں نے ملک میں جاری سیلابی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالات کے پیش نظر ملک میں نیشنل ایمرجنسی نافذ کی جائے، تاکہ بروقت اقدامات ممکن ہو سکیں۔ محمد علی درانی نے کہا کہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام گورننس کے نظام کو بہتر بنائے گا اور عوامی مسائل کا حل ممکن ہوگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کے نہ ہونے کی وجہ سے سیلاب کے نقصانات میں اضافہ ہوا ہے، اور وسائل کا ارتکاز مخصوص شہروں تک رہنے سے چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں کے عوام شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ صوبے کے وسائل کسی ایک وزیراعلیٰ کی صوابدید نہیں ہونے چاہییں، بلکہ آئینی فارمولے کے تحت ہر علاقے میں مساوی خرچ ہونے چاہییں۔ ملاقات کے اختتام پر محمد علی درانی نے صوبہ پوٹھوہار کے قیام کے لیے تحریک شروع کرنے پر زاہد ملک کو مبارکباد دی اور کہا کہ ایسے اقدامات ملک کی ادارہ جاتی اصلاحات اور علاقائی انصاف کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات