بیلاروسی صدر کی امریکی سفیر سے ملاقات، پابندیوں، قیدیوں اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ

جمعہ 12 ستمبر 2025 08:40

منسک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندے جان کول سے ملاقات کی، جس میں پابندیوں، قیدیوں کے مسائل اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔شنہوا کے مطابق بیلاروسی صدر کے پریس دفتر نے کہا ہے کہ ملاقات کے دوران صدر لوکاشینکو نے امریکا کی جانب سے پیش کیے گئے تحفظات کا جائزہ لینے اور بیلاروس میں قید افراد کی رہائی کے حوالے سے بات چیت پر آمادگی کا اظہار کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ عالمی مسائل ، خاص طور پر جنگ و امن بارے کھلے اور مخلصانہ مکالمے کی ضرورت ہے۔صدر لوکاشینکو نے اقتصادی شعبے کو دو طرفہ تعلقات میں سب سے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیلاروس امریکا کے ساتھ معاشی تعاون کو فروغ دینے میں سنجیدہ ہے۔

(جاری ہے)

امریکی نمائندے جان کول نے اس موقع پر کہا کہ امریکا بیلاروس کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے بیلاروسی ایئرلائن "بیلاویہ" پر عائد پابندیوں کے خاتمے کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قیدیوں کے مسئلے پر پیش رفت سے مزید بہتری کی راہ ہموار ہوگی۔ملاقات کے بعد جان کول نے اعلان کیا کہ امریکا بیلا روس میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے اور بیلاروس کے ساتھ تعلقات کی مکمل بحالی کا خواہاں ہے۔