ڈیل کا لفظ ہم مسترد کر چکے ہیں، کوئی ڈیل نہیں ہو رہی،چیئرمین پی ٹی آئی

اگر ڈیل ہوتی تو بانی پی ٹی آئی دو سال جیل میں نہ گزارتے، بیرسٹر گوہر کی میڈیا سے بات چیت

جمعہ 12 ستمبر 2025 15:23

ڈیل کا لفظ ہم مسترد کر چکے ہیں، کوئی ڈیل نہیں ہو رہی،چیئرمین پی ٹی آئی
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ’ڈیل‘ کا لفظ ہم مسترد کر چکے ہیں، کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، اگر ڈیل ہوتی تو بانی پی ٹی آئی دو سال جیل میں نہ گزارتے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، ڈیل کا سوال ہی نہیں اٹھتا، ہمارے خلاف کیسز سیاسی بنیادوں پر ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ جو پارٹی چھوڑ گیا، اس کے خلاف کوئی کیس نہیں بنا، ہمارے لوگوں کو سزائیں ہوئیں اور وہ نااہل بھی ہوئے، اس کا سیاسی حل ضروری ہے، ابھی بھی دیر نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ سب نوبزادہ نصراللّٰہ جیسے سیاستدان نہیں، جو لوگوں کو بیٹھا کر کوئی حل نکال سکیں، اس وقت کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔

(جاری ہے)

صحافی نے سوال کیا کہ آپ کو فیصلے کا اختیار نہیں، سیاسی حل کیسے نکلے گا جس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی کا نمائندہ ہوں، چاہے وہ جیل میں ہوں یا باہر، بانی پی ٹی آئی سخت نہیں ہیں، انہوں نے 3 سالوں میں بہت لچک دکھائی، جب مینڈیٹ چوری ہوا تو بانی پی ٹی آئی نے کہا مذاکرات کریں، کچھ نہیں ہوا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جب 26ویں ترمیم ہوئی تب بھی بانی پی ٹی آئی نے کہا مذاکرات کریں، کچھ نہیں ہوا، کچھ نہ کچھ گڈ ول تو وہ بھی دکھائیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں تک کروائی نہیں جاتیں، یہ ملاقات ان کا حق ہے۔ انہوںنے کہاکہ سلمان اکرم راجہ کے استعفے کی تفصیلات معلوم نہیں مگر معاملہ اب گزر چکا ہے۔