پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا، ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:05

پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے (SCO-RATS) کی سربراہی سنبھالی ہے۔ جمعہ کو یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ ایس سی او کے علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے کے سربراہ کی حیثیت سے پاکستان دہشت گردی کے خلاف مشترکہ ترجیحات کے مطابق باہمی اعتماد، مساوات اور مشترکہ ذمہ داری کے شنگھائی جذبے کی رہنمائی میں علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لئے کام کرے گا ۔

ترجمان نے کہا کہ یہ تعاون بڑھانے کے لئے اہم ڈومینز میں تقریبات اور سرگرمیوں بشمول سائبر انسداد دہشت گردی، انفارمیشن آپریشنز، بارڈر سکیورٹی ، دہشت گردوں کی مالی معاونت کے انسداد اور صلاحیت سازی کی تعمیر کی میزبانی بھی کرے گا۔

(جاری ہے)

شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ریاست کے طور پر نہ صرف اپنے لوگوں بلکہ خطے اور اس سے باہر کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے بے مثال قربانیاں دے رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک غیر مستقل رکن کے طور پر انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دیگر اہم ذمہ داریاں بھی سونپی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق دہشت گردی کے خلاف اجتماعی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لئے بین الاقوامی اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔