Live Updates

اتحاد تنظیم اور یقین محکم ہی پاکستان کی بنیاد ہیں،ثروت اعجاز قادری

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام ملک بھر میں قائد اعظم محمد علی جناح کی 77 ویں برسی کے موقع پر قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ناظم آباد قادری ہاس میں بھی قرآن خوانی اور اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔دعائیہ تقریب میں قائد اعظم اور ان کے رفقا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی کی تقریب میں پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی مرکزی عہدے داران کراچی ڈویژن کے عہدے داران رابطہ کمیٹی تنظیمی کمیٹی کے ممبران ڈسٹرکٹ سیکٹر ذمہ داران کارکنان و عوام اہلسنت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی اور پاکستان کی ترقی و کامرانی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔غزہ فلسطین کشمیر کہ مسلمانوں کے لیے بھی دعائیں کی گئی۔ملک میں بارش اور سیلابی صورتحال سے متاثرین کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینیئر محمد ثروت اعجاز قادری نے دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد تنظیم اور یقین محکم ہی پاکستان کی بنیاد ہیں۔

ہمیں اج عہد کرنا ہوگا کہ ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے خواب کے مطابق ایک مضبوط پاکستان بنائیں گے۔ہمیں ملک میں یکساں نظام کا بول بالا کرنا ہے یکساں نظام تعلیم یکساں انصاف ہو قانون کی پاسداری ہی ملک کی ترقی کی ضمانت ہے۔قائد اعظم نے مسلمانوں سے کیا گیا وعدہ پورا کیا اور ہمیں ایک آزاد ریاست بنا کر دی ہمارا فرض ہے کہ ہم اس ریاست کی ترقی کے لیے دن رات محنت کریں۔

قائد اعظم کا ویژن ہے کہ ملک کا نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے ہمیں دنیا میں پاکستان کی صورت میں شناخت دی ہے۔قائد اعظم نے ایک آزاد خود مختار اور اسلامی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی ہمیں پاکستان کی بنیادوں کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔

ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا سیاسی اور اجتماعی کاوشوں کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کی سوچ کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔قائد اعظم کی قیادت میں جو جدوجہد اور محنت کی گئی اس کا صلہ یہ ہے کہ آج ہم ایک آزاد قوم ہیں۔دنیا کے نقشے میں ہماری پہچان ہے۔قائد اعظم کا فلسفہ ہی پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کرے گا۔مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کہا کہ قائد اعظم اور آبا اجداد کی قربانیوں کی بدولت ہمیں آزادی ملی ہے۔

پوری قوم قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔یہ دن تجدید عہد وفا کا دن ہے۔ہمیں بھی قائد اعظم کی طرح عملی اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ ملک کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکے۔قائد اعظم کے سنہری اصولوں کو ہمیں اپنانا ہوگا۔قومی یکجہتی ہی ایک خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔قائد اعظم کے دو قومی نظریے کی بدولت ہی ہمیں یہ ملک میسر ہوا ہے اور ہمیں اس ملک کی ترقی کے لیے کام اور صرف کام کرنا ہوگا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات