میجر عزیز بھٹی شہید کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھولیںگے، اسلم فاروقی

جمعہ 12 ستمبر 2025 19:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی)پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے کہا ہے کہ راہ حق کے شہید و نشان حیدر حاصل کرنے والے پاک فوج کے بہادر جنگ ستمبر کے ہیرو میجر راجا عزیز بھٹی شہید کو ان کے 60ویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنگ ستمبر میں وطن عزیز کی خاطر دی گئی میجر راجا عزیز بھٹی شہید کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گیان خیالات کا اظہار اسلم خان فاروقی نے پاک کالونی میں ایم کیو ایس سی کے پاک فوج یک جہتی کیمپ پر سول سوسائٹی کے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا گفتگو میں ایم کیو ایس سی کے جنرل سیکریٹری حکیم محمد شعیب قریشی، ڈپٹی سیکریٹری محب محمد اجمل، محمد سلیم چندریگر، دلشاد علی انصاری، نوید ستار، ماسٹر اسلم، عابد حسین و دیگر موجود تھے اسلم خان فاروقی نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو میجر عزیز بھٹی شہید لاہور سیکٹر میں برکی کے علاقے میں ایک کمپنی کی کمان کررہے تھے۔

(جاری ہے)

کمپنی کی دو پلاٹون بی آر بی نہر کے اس کنارے پر جہاں میجر عزیز بھٹی شہید تھے اور بقیہ پلاٹون نہر کے دوسرے کنارے پر تھی۔ میجر عزیز بھٹی شہید نے نہر کے اگلے کنارے پر متعین پلاٹون کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا جبکہ دشمن 7 ستمبر سے تابڑ توڑ حملے کررہا تھا چونکہ اسے توپ خانے اور ٹینکوں کی پوری امداد حاصل تھی تاہم میجر عزیز بھٹی شہید اور ان کے جوانوں نے جس جواں مردی و آہنی عزم کے ساتھ دشمن کے حملوں کا منہ توڑ جواب دیا اور کمال استقامت و بہادری سے اپنی پوزیشن پر ڈٹے رہے ان کی اس کمال استقامت نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا انہوں نے کہا دشمن کے گولے میجر عزیز بھٹی شہید کے دائیں بائیں گر رہے تھے اسی وقت میجر عزیز بھٹی شہید نے دیکھا کہ برکی کی طرف سے چند بھارتی ٹینک تیزی سے نہر کی جانب بڑھے چلے آرہے ہیں تو میجر عزیز بھٹی شہید نے فورا توپ خانے کو اس طرف گولہ باری کا حکم دیا فائر ٹھیک نشانے پر لگا بھارتی ٹینک بچوں کے کھلونوں کی طرح فضا میں اچھلے اور آگ کے شعلوں میں گھرے زمین پر گر پڑے۔

صبح ساڑھے نو بجے کا وقت تھا جب دشمن کے ایک توپچی نے گولہ فائر کیا گولہ فضا میں بلند ہوا اور آگ کا دہکتا ہوا وہ گولہ سیدھا میجر عزیز بھٹی شہید کے سینے سے آ ٹکرایا۔ میجر عزیز بھٹی شہید اچھلے اور لڑکھڑا کر گر پڑے۔ اللہ کا سپاہی اپنے فرض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کر چکا تھا اس دن 12ستمبر 1965 کی تاریخ تھی اس بہادری پر سب سے بڑا تمغہ نشان حیدر تھا جو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کو عطا کیا گیا۔