Live Updates

سیلاب متاثرین کی مدد اولین ترجیح ، انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا‘ملک محمد احمد خاں

ریلیف کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے مقامی لوگوں پر مشتمل سات رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ‘ اسپیکر پنجاب اسمبلی

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں کے ہمراہ ضلع قصور کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جن میں عطر سنگھ، سلیکے، راجوال نو، گنڈاوالا، مبوکے جھگے، دھینکے، گنجہ خورد، جلوکے سالم آبادی، بیٹو جاگیر، مبووالا، دونہ جلوکے، پیر کانہ، نجابت، قلعہ ناتھا سنگھ، بدھ سنگھ والا، رنگے والا، صدر، متڑ، خلجی جاگیر، تاتریکے اور دیگر دیہات شامل ہیں۔

اس موقع پر متاثرین میں 1050راشن بیگز اور 2100جانوروں کے لیے 22ہزار کلو سائیلیج تقسیم کیا گیا۔اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے وہ ہر وقت حاضر ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ بہن بھائیوں کا دکھ بانٹنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان شااللہ خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور سیلاب متاثرہ خاندانوں کو کسی بھی مرحلے پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

ریلیف کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے مقامی لوگوں پر مشتمل سات رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جن کی مشاورت سے امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ عوامی خدمت کمیٹی کے زیر انتظام متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے جو قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کی خوراک کے ساتھ ساتھ ان کے جانوروں کے لیے بھی چارے کی فراہمی کا انتظام کیا گیا ہے کیونکہ کسانوں کے مویشی ان کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

اسپیکر نے کہا کہ ہمارا اصل امتحان اب شروع ہوا ہے اور متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے اور انہیں دوبارہ اپنے گھروں میں آباد کرنے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ متاثرین کے بجلی کے بل معاف کرنے اور زرعی قرضوں کی مدت میں اضافہ کرنے کے لیے وہ حکومت سے سفارش کریں گے تاکہ سیلاب زدگان اور کسان بھائیوں کو فوری ریلیف مل سکے۔وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں نے کہا کہ حکومت عوامی خدمت کے مشن پر کاربند ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کی بلا تفریق امداد کو یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی قسم کی سستی نہ برتی جائے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات