وفاقی وزیر اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ کا پہلا "آسان خدمت سینٹر" جلد از جلد فعال کرنے کا اعلان

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ نے اسلام آباد میں پہلا "آسان خدمت سینٹر" جلد از جلد فعال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاکستان میں عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو جدید اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ اقدام حال ہی میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دستخط کی گئی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو ) کے تحت اٹھایا گیا ہے جس کے تحت پاکستان آذربائیجان کے کامیاب اور شہری دوست سروس ماڈل کو اپنائے گا۔

وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام نے وفاقی وزیر کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی جسے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے )، نادرا، اسلام آباد پولیس اور دیگر اہم محکموں کے تعاون سے قائم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔آسان خدمت سینٹرون ونڈو سہولت فراہم کرے گا جہاں ایک ہی چھت کے نیچے شہریوں کو 100 سے زائد بنیادی سرکاری خدمات فراہم کی جائیں گی ۔

پیدائش سے لے کر وفات تک کے تمام مراحل کا احاطہ کیا جائے گا۔ ان خدمات میں اسلام آباد پولیس، نادرا، سی ڈی اے، ڈریپ، ایف بی آئی ایس ای، نیشنل ہائی وے و موٹروے پولیس، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، ایس این جی پی ایل، امیگریشن و پاسپورٹ، ایف بی آر، آئیسکو اور ڈپٹی کمشنر آفس کی سہولیات شامل ہوں گی۔احد چیمہ نے وزارت خارجہ کی دستاویزات کی تصدیق جیسی خدمات کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ محکموں کو ایک ہفتے کے اندر حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبے کو جلد عملی شکل دی جا سکے۔ انہوں نے عالمی معیار کی خدمات کو اپنانے اور آذربائیجان کی تکنیکی معاونت سے بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا۔ سی ڈی اے اور وزارت آئی ٹی کو خریداری کے منصوبے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آسان خدمت سینٹر پاکستان میں عوامی خدمات کی فراہمی کا انداز بدل دے گا جو شہریوں کو سہولت اور کارکردگی فراہم کرے گا، ہم اپنی گورننس کو عالمی معیار پر لانے کے لئے پرعزم ہیں، یہ منصوبہ ملک میں جدید، مربوط اور شہری دوست خدمات کی فراہمی کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا جو عوام کو ایک ہی جگہ پر تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گا۔