طالبان مخالفین سے ملاقاتوں کا الزام، افغان حکومت نے سینیئر بھارتی سفارتکار کو ملک بدر کردیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:30

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)افغانستان کی طالبان حکومت نے بھارت کے سینیئر سفارت کار ہریش کمار کو ملک سے بیدخل کر دیا۔افغان میڈیا کے مطابق ہریش کمار پر الزام ہے کہ وہ طالبان کے مخالفین سے ملاقاتیں کر رہے تھے اور انہیں منظم کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

افغان میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ہریش کمار کو ’ناپسندیدہ شخصیت‘ قرار دیتے ہوئے 17 اگست کو کابل چھوڑنے کا حکم دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ہریش کمار کابل میں سابق افغان حکومت ختم ہونے کے بعد سے بھارتی سفارت کار اور انٹیلی جنس افسر کے طور پر تعینات تھے۔ ذرائع کے مطابق 16 اگست کو طالبان حکام نے بھارتی سفارتخانے کے عملے کو طلب کر کے ہریش کمار کی بے دخلی کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ وہ اگلے دن دہلی روانہ ہوگئے۔ بھارتی سفارتخانے کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔