شہر میں جاری منصوبوں میں تاخیر کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہئے، ایم کیو ایم

بلدیاتی نظام کی بربادی میں جماعت اسلامی برابر کی ذمہ دار ہے، اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا ہے کہ شہر میں جاری منصوبوں میں تاخیر کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہئے۔میڈیا سے گفتگو میں علی خورشیدی نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے صوبے میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، لوگوں کو بنیادی ضروریات فراہم کرنا حکومت کی زمہ داری ہوتی ہے، کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد شہر کا انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی ذمہ داری کئی اتھارٹیز کے پاس ہے، کے ایم سی اور ڈی ایم سی کی کارکردگی اچھی نہیں ہے، صوبے بھر میں لولا لنگڑا بلدیاتی نظام قائم ہے، جب تک مالیاتی خودمختاری نہیں ہوگی شہر کا انتظام بہتر نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے موجودہ شہری نظام کو مسترد کیا تھا، موجودہ بلدیاتی نظام کو نافذ کرنے میں پیپلز پارٹی کا جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے ساتھ دیا، شہر کے بلدیاتی نظام کی بربادی میں جماعت اسلامی برابر کی ذمہ دار ہے۔

(جاری ہے)

علی خورشیدی نے کہا کہ شہر میں منشیات پینے والے میئر کراچی کو رٹ کو چلینچ کر رہیں ہیں، وفاق بھی کراچی کی بربادی کا ذمہ دار ہے، ملیر ایکسپریس وے کی خرابی کی نشاہدہی کرنے پر حکومت ناراض ہے، حب کینال اور ملیر ایکسپریس وے کی بربادی کہ تحقیقات ہونی چاہیے۔صوبائی اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ وزیر اعلی سندھ حب کینال اور ملیر ایکپریس وے کے تعمیراتی کام کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

سندھ حکومت کے غیر جمہوری رویے کی مذمت کرتے ہیں، ملیر ایکسپریس وے کو نقصان پہنچنے پر ذمہ داروں کو پکڑا جائے، سوال کرنے پر حکومت ناراض ہو جاتی ہے، محکمہ نادار رشوت ستانی کے وزیر سے مطالبہ ہے کہ منصوبوں کی تاخیر اور نقصان پر تحقیق کرے۔ علی خورشیدی نے مزید کہا کہ مئیر کراچی اپنا قبلہ درست کریں، شہر کے حالات کی بہتری کے لیے صوبائی حکومت مدد کرے، تمام وزار دوروں پر نکلتے ہیں لیکن کرتے کچھ نہیں، موجودہ بلدیاتی نظام کی بہتری کے مل کر بیٹھیں، انتظامی طور پر شہر کا نظام مکمل تباہ ہو چکا ہے، ایم کیو ایم کے پاس بلدیاتی نظام کے حوالے سے پورا نظام موجود ہے۔