Live Updates

رام بن،سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچادی، گھروں میں ڈراڑیں

ہفتہ 13 ستمبر 2025 12:10

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث ضلع رام بن کے گائوں ٹنگار میں بڑے پیمانے پر زمین دھنس گئی ہے جس سے 18 رہائشی مکانات، ایک دکان اور سرکاری ہائی سکول میں دراڑیں پڑگئی ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق گائوں میں زمین کا ایک بڑا حصہ دریائے چناب کی طرف دھنس رہا ہے اور لوگ شدید خوف وہراس کا شکار ہیں۔

حکام اور مقامی افراد کا کہنا ہے کہ 18 رہائشی مکانات، ایک دکان اور گورنمنٹ ہائی سکول میں دراڑیں پڑ چکی ہیں جنہیں اب غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔ رہائشیوں نے خبردار کیا کہ اگر زمین دھنسنے کا عمل جاری رہا تو مزید گھر خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔مقامی افرادکا کہنا ہے کہ ٹنگار کا تقریبا 3 کلومیٹر کا حصہ دھیرے دھیرے نیچے کی طرف پھسل رہا ہے، جو وارڈ 1، 2، 3 اور 7 کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

(جاری ہے)

وارڈ 7 (نیو باس) میں تازہ لینڈ سلائیڈنگ نے مکانات کو منہدم کر دیا ہے، جبکہ کئی بجلی کے کھمبے گر گئے ہیں، جس سے بجلی بند ہو گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان نے رکن اسمبلی رام بن اور اعلیٰ حکام کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے علاقے کا دورہ کیا۔مکینوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر سلائیڈنگ کا سلسلہ جاری رہاتو بڑی تباہی ہو سکتی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات