Live Updates

جماعت اسلام ملک کے اندر حقیقی انقلاب کی جدوجہد کر رہی ہے ‘ جاوید قصوری

وزارت مواصلات میں 78 ارب کی بے ضابطگیاںحکومتی اداروں کی کاکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے

ہفتہ 13 ستمبر 2025 23:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جس جذبے سے آپ اس تربیت گاہ میں شریک ہوئے ہیں اس سے بڑھ کر اجتماع عام میں شرکت کے لئے لاہور آئیں گے،اسلامی تاریخ میں ایسا بہت کم ہوا ہے کہ کسی رہنما نے علمی و فکری رہنمائی کے ساتھ ایک پوری تحریک کو کھڑا کیا ہوا ، یہ اعزاز اللہ تعالیٰ نے مولانا ابوالاعلیٰ موددوی ؒ کو دیا ہے، روئے زمین پر اللہ کے دین کے غلبے کیلئے طاقت حاصل کرنا اسلامی انقلاب کے لئے لازمی ہے ۔

منصورہ لاہور میں فیصل آباد کی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلام ملک کے اندر حقیقی انقلاب کی بات کرتی ہے اور اس کے لئے جدوجہد کر رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اپنے دائرہ میں رہتے ہوئے اس جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے اور پاکستان کے لوگوں کو اپنے ساتھ ملا ئیں گے ۔

(جاری ہے)

ہمارا پیغام اللہ اور اس کے رسول کا پیغام ہے ۔

اسلام کا یہ پرچم جو آپ ﷺ نے ہمارے ہاتھوں میں دیا ہے اس کو گرنے نہیں دیں گے ۔ اس کی حفاظت کو اپنی جانوں کو نذرانہ دیکر بھی یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت مواصلات میں 78 ارب روپے سے زائد کی بے ضابطگیوں کا انکشاف اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کے کرپشن کی انتہا ہو چکی ہے ۔جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے ۔

آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ میں 78 ارب میںسے 50 ارب کی بے ضابطگیاں صرف پاکستان پوسٹ آفس میں سامنے آئی ہیں۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ملک کے اندر کرپٹ افراد کا راج ہے ۔ غریب عوام کو کوئی پرسان حال نہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن اور کرپٹ افراد کی لوٹ مارنے ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کو توڑ کر رکھ دیا ہے۔ اوپر سے لیکر نیچے تک رشوت کا بازار گرم ہے ، جو جتنے بڑے عہدے پر بیٹھا ہے وہ اتنا ہی بڑا چور اور لیٹرا ہے ۔

احتساب کا عمل حکومت کو اپنی صفوں سے شروع کرنا ہو گا ۔ جب تک ملک کے اندر کرپشن کا قلع قمع نہیں ہو جاتا اس وقت تک ملکی معیشت کو سہارا نہیں مل سکتا۔ محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ سیلاب نے رہی سہی کسر پوری کر دی ہے پاکستان کی 42لاکھ سے زائد آبادی اس سیلاب سے براہ راست متاثر ہوئی ہے ، لاکھوں ایکٹر پر کھڑی فصلیں برباد اور ہزاروں مویشی ہلاک ہو چکے ہیں ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اندرون و بیرون ممالک سے ملنے والی امداد کی ایک ایک پائی سیلاب متاثرین تک پہنچائے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات