Live Updates

سیلاب سے معیشت ،زراعت کو بہت نقصان پہنچا ،حالات کی بہتری کیلئے سب کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا‘جہانگیر ترین

ہفتہ 13 ستمبر 2025 22:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء) جہانگیر خان ترین نے لودھراں کے علاقہ خان واہ گھلواں میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ جہانگیر ترین نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ اپنے خطاب اور میڈیا سے بات چیت میں جہانگیر خان ترین نے کہا کہ سیلاب سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ سیلاب سے مواصلاتی رابطے منقطع ہوچکے ہیں۔

معیشت اور زراعت کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ اب حکومت اور ہم لوگوں پر بھاری ذمہ داری ہے کہ ہم متاثرین سیلاب کی بحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے لئے حالات کو ٹھیک کرنا چیلنج ہے، حالات کی بہتری کے لئے ہم سب کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔سیلاب نے ہمیں جگا دیا ہے، اطلاعات ہیں کہ پیچھے سے مزید پانی بھی آرہا ہے۔

(جاری ہے)

سیلابی تباہی روکنے کیلئے سسٹم بنانے اور چیزوں کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ سیلاب اور بارشیں قدرتی آفت ہیں، منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ نقصان سے بچا جا سکے۔ جہانگیر خان ترین نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ہے سیاست چھوڑ دی ہے۔سیاست چھوڑ دی مگر عوام کا خیال کرنا نہیں چھوڑوں گا۔ لودھراں میرا گھر ہے اور یہ لوگ میرے اپنے ہیں۔ اب ووٹ نہیں مانگوں گا مگر خدمت جاری رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کی ٹیم نے خیبرپختونخوا میں 16 روز تک سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے مسلسل کام کیا۔ ابتک لودھراں ہے زمیندارہ بندوں کی مضبوطی سمیت لوگوں کے انخلا پر کام کیا۔ راشن کی تقسیم بھی شروع کردی ہے ،3 ہزار خاندانوں کو راشن دے چکے۔۔ہم سیلابی علاقوں سے 4 ہزار سے زائد افراد کو بحفاظت محفوظ مقامات تک پہنچا چکے ہیں۔

جہانگیر خان ترین نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنی نذیر، ضلعی پولیس ، ریسکیو 1122 کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری ٹیم کی بھرپور سپورٹ کی۔ میری ٹیم ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چل رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنی نذیر کی ان حالات میں محنت اور خدمت شاباش کے لائق ہے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایل پی پی ڈاکٹر عبدالصبور، عبدالخالق کانجو، ندیم خان گھلو، مہر اشرف سیال، ممتاز خان جوئیہ، را محمد عمران، ملک شاہ نواز کلیار، جمشید اظہر گھلو، یوسف رضا ہاشمی، شریف گھلو، رانا وقار اکرم ، چاند گھلو و دیگر موجود تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات