Live Updates

وزیراعلیٰ عمرعبداللہ سے صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ڈوڈہ کا دورہ کرنے کی اپیل

ہفتہ 13 ستمبر 2025 22:17

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں عام آدمی پارٹی(اے اے پی) نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے اپیل کی ہے کہ وہ رکن اسمبلی معراج ملک کی گرفتاری سے ضلع ڈوڈہ میںپیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے علاقے کا دورہ کریں ۔اے اے پی نے تنظیم کے رہنما اور رکن اسمبلی معراج ملک کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتاری کے معاملے پر بحث کیلئے اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ا ے اے پی کے ترجمان مدثر حسن نے سرینگر میں کہا کہ پارٹی رہنماؤں کو ڈوڈہ نہیں جانے دیا جا رہا ہے اور انکی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہمارا وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے مطالبہ ہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ڈوڈہ کا دورہ کریں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ معراج ملک کی گرفتاری سے ڈوڈہ میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر بحث کیلئے اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلانے کی بھی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہا کہ یہ بی جے پی کی آمریت ہے کہ عام آدمی کی آواز کو کچلا جا رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ میڈیا ہاؤسز کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ ہمیں کور نہ کریں ۔ مدثر حسن نے مزید کہا کہ معراج ملک کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتاری جمہوری ملک ہونے کے بھارتی دعوئوں پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔یاد رہے کہ ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے معراج ملک کو سیلاب متاثرین کے تئیں انتظامیہ کے نارواسلوک کے خلاف آواز اٹھانے پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

انکی یہ گرفتاری نئی دلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے حکم پر عمل میں لائی گئی ہے۔ ڈوڈہ میں انکی گرفتاری کے خلاف لوگوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا ۔ انتظامیہ نے مظاہروں کو روکنے کیلئے سخت پابندیاں نافذ کر رکھی ہیںجبکہ مظاہروں کے دوران اب تک 80سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات