ایل سی ڈبلیو یو میں نیشنل اکیڈمی فار ہائیر ایجوکیشن کے تحت ویمن ایمپاورمنٹ پروگرام کی اختتامی تقریب

ہفتہ 13 ستمبر 2025 19:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں ہائر ایجوکیشن کمشن آف پاکستان کے پراجیکٹ نیشنل اکیڈمی فار ہائیر ایجوکیشن کے تحت ویمن ایمپاورمنٹ پروگرام کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ یونیورسٹی سنڈیکیٹ روم میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی ایچ ای سی ریجنل سنٹر لاہور کے ڈائریکٹر جنرل غلام نبی تھے۔

وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر عظمی قریشی نے ویمن ایمپاورمنٹ کیلئے ایسے پروگرام ترتیب دینے پر ایچ ای سی پاکستان کے ویژن اور مشن کو سراہا اور کہا کہ اس قسم کے تربیتی پروگرامز افرادی قوت کی صلاحیت کو نکھارتے ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر طاہرہ کلثوم کی طرف سے ایک جامع رپورٹ پیش کی گئی، جس میں پروگرام کے دوران تربیت دینے والے اور تربیت پانے والوں کی شاندار کامیابیوں و شراکت کو دکھایا گیا۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی غلام نبی نے شرکاء کو مبارکباد دی اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ باہمی تعاون قیادت کو پروان چڑھاتا اور یونیورسٹیوں میں ایک مثبت ماحولیاتی نظام کی تشکیل کرتا ہے۔ انہوں نے اچھے طریقوں کے قیام میں پروگرام مینجمنٹ کمیٹی کی قیادت اور کوششوں کی تعریف کی اور شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اس جذبے کو پروگرام سے آگے بھی جاری رکھیں۔ سیشن میں شرکاء کے تاثرات بھی شامل تھے جن میں پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ کاظمی، ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ اورینٹل لرننگ پروفیسر ڈاکٹر شبنم گل اور ڈاکٹر منیبہ شامل ہیں۔