وزیراعظم کا ایک اور دورہِ قطر، 15 ستمبر کو ’عرب اسلامک سربراہی اجلاس‘ میں شرکت کریں گے

ہفتہ 13 ستمبر 2025 21:54

وزیراعظم کا ایک اور دورہِ قطر، 15 ستمبر کو ’عرب اسلامک سربراہی اجلاس‘ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)وزیراعظم شہباز شریف کا ایک اور دورہِ قطر طے پا گیا ہے وہ 15 ستمبر کو شیڈول ’عرب اسلامک سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو 15 ستمبر کو دوحہ میں شیڈول عرب اسلامک سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے، شہباز شریف ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق اجلاس اسرائیلی فضائی حملوں اور فلسطین میں بگڑتی صورتحال کے تناظر میں بلایا گیا ہے، اسرائیل کی غزہ پر قبضے کی کوششیں اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہوں گی۔شفقت علی خان نے بتایا کہ عرب اسلامک سربراہی اجلاس میں اسرائیل کی مغربی کنارے میں توسیع پسندانہ سرگرمیاں بھی زیر غور آئیں گی، فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا معاملہ بھی اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) رکن ممالک کے سربراہان، وزرا اور اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی حملے کے خلاف اظہار یکجہتی کے لیے 11 ستمبر کو بھی قطر کا ایک روزہ دورہ کیا تھا۔دورہ قطر کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی تھی اور 9 ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔امیر قطر نے وزیراعظم کا اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت، علاقائی امن و استحکام کے فروغ اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔