ایوان کارکنان تحریک پاکستان، میں -’’-محفل میلاد النبیؐ برائے خواتین ‘‘ کا انعقاد

ہفتہ 13 ستمبر 2025 21:22

ٴلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2025ء) ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں جاری تقریبات عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں -’’-محفل میلاد النبیؐ برائے خواتین ‘‘ کا انعقاد کیا گیا ۔ اس بابرکت روحانی محفل کا انعقاد ادارہٴ نظریہٴ پاکستان کے شعبہٴ خواتین نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ محفل کی نقابت کے فرائض بیگم صفیہ اسحاق نے انجام دیے۔

محفل میلاد النبیؐ میں ایم پی اے بی بی وڈیری‘ ممتاز سیاسی و سماجی رہنما بیگم مہناز رفیع‘ کنوینر مادرملت سنٹر ڈاکٹر پروین خان‘ مذہبی سکالر بیگم خالدہ جمیل‘ ڈاکٹر ثمینہ بشریٰ‘ نازیہ بٹ‘ مسز شفق‘ روبینہ شاہین ڈکٹر ‘نبیلہ طارق‘ نجمہ بلال‘ شاعرہ وفااظہر‘ رمشا رئوف‘شہزادی کبیر‘شائستہ ریاض‘ عائشہ رضا خان‘ عذرا اسحاق‘ سروت رشید‘ جمیلہ ہاشمی‘ڈاکٹر حنا رضوی‘خواتین اساتذہ کرام اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھانبی کریمؐ کی اس دنیا میں آمد کائنات کی تاریخ میں وہ بابرکت لمحہ ہے جب پوری دنیا کی کایا پلٹ گئی۔آپؐنے انسانیت کو فکری انقلاب سے روشناس کروایا اور انسانوں کو جہالت کی دلدل سے نکال کر علم و آگہی سے منورکیا۔ دنیا وآخرت میں کامیابی وکامرانی حاصل کرنے کیلئے نبی کریمؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے۔

نبی کریمؐنے خواتین کے ساتھ خاص طور پر اچھا برتائو کرنے کا حکم دیا۔ آپؐ ہر زمانے اور تمام انسانیت کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہیں ۔ نبی کریمؐ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔محبت رسولؐ کا تقاضا ہے کہ ہم ان کی تعلیمات پر عمل کریں۔ نبی کریمؐ کا اسوہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے ۔ آپؐ نے ہمیں محبت وامن کا پیغام دیا۔ دین اسلام کی تعلیمات کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا ہی راہ فلاح ہے۔

نبی کریمؐ نے دنیا کو ظلم اور جہالت کی تاریکیوں سے نجات دلاکر انسان کے جسم اورروح کو حقیقی آزادی دلوائی۔ نبی پاکؐ نے لوگوں کو مخلوق خدا سے محبت کرنے کا درس دیا۔ نبی کریمؐ نے عورتوں کو ان کے حقوق دیے اور ان سے اچھا سلوک کرنے کا حکم دیا۔ محفل کے اختتام پر نبی پاکؐ کے حضور درودوسلام پڑھا گیا جبکہ پروفیسر بشریٰ مجاہدنے ملکی ترقی واستحکام کیلئے خصوصی دعاکروائی۔سپنا عیدن‘ شفا غلام علی‘ اقصیٰ جاوید‘ کرن شہزادی نے تلاوت اور نعت کی سعادت حاصل کی۔