میرواعظ عمر فاروق کا سرینگر میں سرکردہ شخصیات کے انتقال پر اظہار افسو س

ہفتہ 13 ستمبر 2025 22:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمامیرواعظ عمر فاروق نے نگین حضرت بل کے معروف تاجر حاجی غلام نبی وانی، پرے پورہ کے ممتاز ڈاکٹر عاشق حسین نقشبندی ، نیو فتح کدل کے صاحبزادہ محمد اشرف قادری، علمدار کالونی گوپالپورہ کے انجینئر مزمل احمد فاروقی اور بلال آباد کرالپورہ کے عبدالماجد شمسی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمرفاروق نے مرحومین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حاجی غلام نبی وانی کی میرواعظ خاندان کے ساتھ گہری اور دیرینہ وابستگی تھی اور وہ اپنے نیک کردار، اخلاق اور عزمِ مصمم کے لئے جانے جاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاشق حسین نقشبندی کو ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے ساتھ ساتھ ایک مہربان انسان کے طور پر بھی یاد رکھا جائے گا جو ہمیشہ ضرورت مندوں کی مدد کے لیے پیش پیش رہتے تھے۔میرواعظ نے کہا کہ ان نیک سیرت افراد کا انتقال معاشرے کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے اور ان کی وفات سے ایک خلاء پیدا ہو گیاہے۔انہوں نے اللہ تعالی سے مرحومین کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی اور ان کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔