اسلام آباد تھانہ نون کے علاقہ میں ملزمان کی پولیس چھاپہ مار ٹیم پر فائرنگ

اتوار 14 ستمبر 2025 13:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) اسلام آباد تھانہ نون کے علاقہ میں ملزمان کی پولیس چھاپہ مار ٹیم پر فائرنگ کی گئی ہے۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس ٹیم گرفتار ملزمان زبیر اور سجاد کی نشاندہی پر ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لئے جارہی تھی۔راستے میں چھپے ملزمان کے ساتھیوں نے اچانک پولیس ریڈنگ ٹیم پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی تاہم پولیس افسران بلٹ پروف جیکٹ اورحفاظتی اقدامات کی بدولت محفوظ رہے جبکہ ساتھی ملزمان کی فائرنگ سے گرفتار ملزمان زبیر اور سجاد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

ملزمان کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ملزمان زبیر اور سجاد تھانہ نون کے مقدمہ نمبر 438/25 میں جسمانی ریمانڈ پر تھے۔گرفتار ملزمان نے مورخہ25 اگست کو دوران ڈکیتی بیکری کے مالک کو فائر مار کر قتل کیا تھا،گرفتار ملزمان کے ساتھی ملزم ارشد کو گرفتار کرکے وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل اور اسلحہ و ایمونیشن برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزمان اسلام آباد اور کراچی کے سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں۔ترجمان نے کہا ہے کہ پولیس پر حملہ کرنے والے ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔