Live Updates

رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ کا گورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ کا دورہ

اتوار 14 ستمبر 2025 14:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے گورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی مادرِ علمی ایک قومی ورثہ ہے، جس کی حفاظت اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے ملک بھر میں شدید تباہی مچائی ہے۔

یہ ایک طرف قدرت کی آزمائش ہے تو دوسری جانب انسانی غفلت کا نتیجہ بھی ہے۔ جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور آبی گذرگاہوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کے باعث بارش اور سیلاب ایک بڑی آفت بن گئے ہیں۔ حکومت اور عوام مشترکہ کاوشوں سے اس مشکل صورتحال پر قابو پانے کے لیے سرگرم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہوا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ تعلیمی سرگرمیوں کو مکمل طور پر بحال کیا جائے۔

اس ضمن میں ضروری اور حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے سارا فوکس فروغِ تعلیم پر مرکوز کیا جانا چاہیے تاکہ نئی نسل کو بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔محمد منشاء اللہ بٹ نے اس موقع پر زور دیا کہ قومی اثاثہ جات اور انفراسٹرکچر کی حفاظت نہایت اہم ہے، کیونکہ اس میں کسی بھی قسم کی غفلت نقصانات میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر شجر کاری ناگزیر ہے، ساتھ ہی آبی گذرگاہوں کو رکاوٹوں سے پاک کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آئندہ آفات کے نقصانات کو کم کیا جا سکے۔

اس موقع پر انہوں نے گورنمنٹ مرے کالج کے سبزہ زار میں پودا لگایا اور ملک و قوم کی سلامتی و استحکام کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر طاہر بٹ، محبوب عارف اور کالج کے اساتذہ بھی موجود تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات