سی آئی ایف ٹی آئی ایس 2025 میں ڈیجیٹل پاکستان پویلین کا افتتاح ہو گیا

اتوار 14 ستمبر 2025 15:30

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)چین میں پاکستان کے سفیرخلیل ہاشمی نے بیجنگ میں چائنا انٹرنیشنل فیئر فار ٹریڈ ان سروسز (CIFTIS) میں ڈیجیٹل پاکستان پویلین کا افتتاح کرد یا، جو ملک کی آئی ٹی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں ایک اہم قدم ہے۔ اس پویلین میں پاکستان کی 15 معروف ٹیک کمپنیز شامل ہیں، یہ پاکستان کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق اس سال پاکستان کے 15 معروف آئی ٹی اور سروسز سیکٹر کی کمپنیاں اس پویلین میں حصہ لے رہی ہیں جن میں ڈیجیٹل سوفٹس، مائیکرو لنکس پرائیویٹ لمیٹڈ، شجیم انجینئرنگ سروسز اینڈ ٹیکنالوجی، او بی ہوسٹ، نور احمد ای کامرس سلوشنز، زائل ٹیکنالوجیز، ازلا ٹیکنالوجیز، کیو بی ایس کمپنی، ٹریو کمیونیکیشن، انوویٹو ہب، سوفٹ ویئر کرافٹ، بائٹ سول، ورلڈ جیم اسٹونز، ایم کے ٹیکنالوجی، شردل آئی ٹی سروسز اور سیپیا سلوشنز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل معیشت کو ملک کی معاشی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت دیتا ہے اور یہ ٹیکنالوجی نہ صرف ترقی بلکہ عوامی رابطے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی لوگوں کو آپس میں جوڑنے اور ترقی پذیر ممالک تک جدید ٹیکنالوجی کی رسائی ممکن بنانے میں معاون ہے۔

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق سفیر نے بتایا کہ پاکستان تین اہم شعبوں میں ڈیجیٹل تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے۔ تعلیم و تحقیق، کاروبار سے کاروبار کی شراکت داری، اور ایسے متنوع شعبوں میں جدت جیسے کہ مصنوعی ذہانت، اسمارٹ سٹیز، کوانٹم کمپیوٹنگ، انٹرنیٹ آف تھنگز، اور گرین ٹیکنالوجیز۔ سفیر نے کہا کہ چین کی IBI گروپ کے ساتھ شراکت داری سمیت اسٹریٹجک تعاون، پاکستان کی چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں (SMEs) اور روایتی صنعتوں جیسے کہ ٹیکسٹائل، زراعت، اور مینوفیکچرنگ کو ڈیجیٹل آلات سے لیس کرنے کے لیے ضروری ہے تاکہ وہ عالمی مقابلے میں نمایاں ہو سکیں۔

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق سفیر ہاشمی نے مزید کہا کہ سی آئی ایف ٹی آئی ایس پاکستانی کمپنیوں کو بزنس پروسیسنگ آؤٹ سورسنگ، ای کامرس، اور فن ٹیک شراکت داریوں کو تلاش کرنے کے لیے ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے، اور پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کو مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے کہا، سی آئی ایف ٹی آئی ایس واقعی ایک جیت-جیت والا پلیٹ فارم ہے، اور مزید پاکستانی کاروباروں کو ترغیب دی کہ وہ اس موقع کو فائدہ اٹھائیں اور اپنے عالمی اثر و رسوخ کو بڑھائیں۔