پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کیلئے اہم کردار ادا کیا،افغان حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے،طاہر محموداشرفی

اتوار 14 ستمبر 2025 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کیلئے اہم کردار ادا کیا،اب افغان حکومت کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں الحمراء میں پیغام رحمة اللعالمینۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان مذہبی اور ثقافتی روایات میں گہرے جڑے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کی قدریں مشترک ہیں،دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں 40 سالہ جنگ کے دوران پاکستان نے لاکھوں کی تعداد میں افغان مہاجرین کی میزبانی کی جبکہ افغانستان میں عبوری حکومت کے قیام کے بعد پاکستان نے باعزت طریقے سے مہاجرین کی اپنے وطن واپسی یقینی بنانے کیلئے انہیں ہرطرح سے سہولیات فراہم کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگردعناصر افغان سرزمین سے ہو کر پاکستان کے خلاف دہشتگردی کر رہے ہیں اسلئے افغان حکومت کو انہیں لگام ڈالنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل شہر شہر جا کر یہ بات عام کرے گی، انتشار کا دروازے بند کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جو شر پسند عناصر پاک افواج کے خلاف پراپیگنڈے کرتے ہیں انہیں یہ سمجھ لینا چاہیے کہ اگر ہماری فوج نہ ہوتی تو بتائیں 10 مئی کو ہم کیا کرتے ، ہندوستان کو بھی سمجھ آ گیا ہے ،پاکستان نے ہندوستان کے6 طیارے گرائے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اسرائیل پر دبائو ڈالے کہ وہ فلسطین میں ظلم وبربریت کو روکے،فلسطینی مسئلے پر ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔