Live Updates

بھارتی ٹیم کے نامناسب رویے پر پاکستان ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کروا دیا

پیر 15 ستمبر 2025 10:10

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) بھارتی ٹیم کے نامناسب رویے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کروا دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے مطابق ٹیم منیجر نے میچ ریفری کے رویے پر بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے شکایت درج کرائی۔ نوید اکرم چیمہ کا کہنا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کا پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانا کھیل کے تقاضوں اور سپورٹس مین سپرٹ کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

ٹیم منیجر کے مطابق یہ رویہ نہ صرف افسوسناک بلکہ کھیل کی روایات کے خلاف ہے۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھی بھارتی ٹیم کے عمل کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے جو حرکت کی گئی اس پر پاکستان کا ردعمل بالکل فطری تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کھیل کی فضا کو متاثر کرتے ہیں اور باہمی تعلقات میں سرد مہری پیدا کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹاس کے موقع پر میچ ریفری نے دونوں کپتانوں کو ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت دی تھی جس پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے اختلاف کرتے ہوئے احتجاجاً اختتامی تقریب میں شرکت سے گریز کیا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات