Live Updates

یونیورسٹی آف سرگودھا سیلاب متاثرین کی خدمت کیلئے پیش پیش ہے، وائس چانسلر ڈاکٹر قیصرعباس

پیر 15 ستمبر 2025 16:39

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیں دل و جان سے عزیز ہے ،جب تک متاثرہ علاقوں سے سیلاب ختم نہیں ہو جاتا ہم اپنے بہن بھائیوں کی امداد جاری رکھیں گے، یونیورسٹی آف سرگودھا کے طالب علموں، تعلیمی سربراہان، اساتذہ کے ساتھ انتظامی شعبہ جات کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو سیلاب متاثرین کو دل کھو ل کر عطیات دے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے یونیورسٹی ایڈمنسٹریشن بلاک میں منعقدہ فلڈ ریلیف کیمپ میں انتظامی افسران اور جملہ ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ سیلاب ایک قدرتی آفت ہے ،ہمیں اس سے گھبرانے کی بجائے اس کا بھرپور مقابلہ کرنا ہے اور ہمیں اپنے متاثرہ پاکستانیوں کی مدد جاری رکھنی چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پورا پنجاب بالخصوص تین دریا ، چناب، راوی اور ستلج اس وقت بدترین سیلاب کی لپیٹ میں ہیں اور لوگوں کا جو قیمتی نقصان ہوا ہے اس کو پورا کرنے کے لئے پوری پاکستانی عوام پیش پیش ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس موقع پر یونیورسٹی فلڈ ریلیف کمیٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس جانفشانی سے کام کیا ہےاسکی ہم بھرپور الفاظ میں تائید کرتے ہیں۔انہوں نے حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو اپنے مکمل تعاون یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پوری یونیورسٹی آف سرگودھا سیلاب متاثرین کی خدمت کے لئے پیش پیش ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ بطور استاد اور منتظم میں نے پاکستانی عوام میں خدمت خلق کا جو جذبہ دیکھا ہے اس میں ہماری قوم صفِ اوّل میں شامل ہوتی ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر نے ایک مرتبہ پھر سیلاب متاثرین کے لئے عطیہ دیا اور کہا کہ ہماری یہ خدمت چند افراد کے لئے نہیں بلکہ تمام متاثرہ دکھی بہن بھائیوں کے لئے ہے۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس موقع پر سیلاب متاثرہ کمیٹی کے افسران رجسٹرار یونیورسٹی وقار احمد، ڈائریکٹر سپورٹس مہر احمد خان ہرل، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر محمود الحسن اور چیف سکیورٹی آفیسر کرنل (ر) اشتیاق احمد اور ڈاکٹر منیر گجر اور تمام ڈی ڈی ایس ایز کی دن رات کاوشوں کو بھرپور سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پرپرو وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرمسعود سرور اعوان نے انتظامی افسران و ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی کوئی آفت آئی تو ہماری یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات بالخصوص انتظامیہ نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور آج جس طرح انتظامیہ نے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے دل کھول کر عطیات دئیے ،یہ بہت بڑا احسن اقدام ہے اور ہم وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی سربراہی میں اس کارِ خیر کو جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ریحانہ الیاس، چیف لائبریرین ڈاکٹر عظمیٰ شہزادی نے بھی خطاب کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات