سیرت للعالمین ﷺ و اتحاد امت کانفرنس ، تمام مسالک کے جید علما کرام کی شرکت

پیر 15 ستمبر 2025 17:19

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) باغ ہولڑ سیداں میں عظیم الشان سیرت للعالمین ﷺ و اتحاد امت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، جس میں پاکستان و آزاد کشمیر کے تمام مسالک کے جید علما کرام، دینی رہنما اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندگان نے شرکت کی۔کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ اس موقع پر پاکستان کے معروف عالم دین علامہ شبیر احمد کشمیری،مرکزی خطیب جامع مسجد باغ مولانا سید عطا اللہ شاہ،مولانا امین الحق،جمعیت اہلحدیث کے امیر پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس،ڈویژنل ڈائریکٹر(ر) سید عفیر شاہ گردیزی نے اپنے خطابات میں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ذات اقدس کو انسانیت کے لیے کامل اسوہ قرار دیا، حضور ﷺ کی تعلیمات امن، محبت، اخوت، بھائی چارے اور عدل و مساوات پر مبنی ہیں۔

(جاری ہے)

آپ ﷺ نے خواتین کو عزت، والدین کو خدمت، پڑوسیوں کے حقوق اور یتیموں و مساکین کی کفالت پر زور دیا۔ یہی پیغام پوری دنیا میں امن و سکون کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔علما نے اتحادِ امت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج مسلمانوں کے مسائل کی بنیادی وجہ تفرقہ بازی اور انتشار ہے۔ اگر امت مسلمہ حضور ﷺ کے پیغامِ اتحاد، محبت اور اخوت کو اپنائے تو دنیا بھر میں اسلام کی اصل روح اجاگر ہوگی اور مسلم معاشرہ ایک مضبوط اور پرامن معاشرہ بنے گا۔

کانفرنس میں شریک مقررین نے نوجوانوں کو خاص طور پر اسوہ رسول ﷺ سے رہنمائی لینے کی تلقین کی اور کہا کہ جدید دور کے مسائل کا حل قرآن و سنت میں موجود ہے،کانفرنس سے مولانا عبدالمنان گوہر،پروفیسر احسان اللہ،حکیم سید اعجاز کاظمی،ممبر میونسپل کارپوریشن سید کامران قلندر گردیزی،پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنما سید مدثر گردیزی،حافظ اسرار،قاری طاہر اسماعیل،مفتی مسعود گردیزی،مولانا اجلال شاہ،مولانا سید تسلیم شاہ،مولانا سید ریحان گردیزی،مولانا سید افضال احمد گردیزی،مولانا داؤد،قاری برکت نقشبندی،مولانا لیاقت فاروقی،قاری عبدالغفارودیگر نے خطاب کیا مقررین نے کہا کہ تعلیم، تحقیق اور عملی زندگی میں سیرتِ رسول ﷺ کو نمونہ بنایا جائے تاکہ دنیا میں اسلام کا پیغام حقیقی معنوں میں فروغ پاسکے۔

مقررین نے مزید کہا کہ اگر ہم حضور ﷺ کی ہدایات پر عمل پیرا ہو جائیں تو نہ صرف معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ہوگا بلکہ عالمی سطح پر بھی امن، برداشت اور باہمی احترام کے اصول رائج ہوں گے،علماء کرام اور دینی شخصیات نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ حضور خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے محبت اور آپ کے اہلِ بیتؓ سے عقیدت رکھنا ہر مسلمان کی ایمانی پہچان ہے۔ قرآن و سنت نے واضح طور پر اُمتِ مسلمہ کو یہ تعلیم دی ہے کہ حضور ﷺ کی اطاعت اور آپ کے آل و اصحابؓ سے محبت ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ ،کانفرنس کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی وحدت، وطن عزیز پاکستان اور آزاد کشمیر کی سلامتی، اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔\378