Live Updates

ہونہار سکالرشپ پروگرام کیلئے 1ارب 50کروڑ روپے جاری

وفاقی وزیر احسن اقبال اور صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کی سیلاب متاثرین میں راشن وغیرہ کی تقسیم

پیر 15 ستمبر 2025 22:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر احسن اقبال اور صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے پاکستان پاورٹی الیویشن فنڈ کے ایمرجنسی فلڈ ریسپانس 2025 کے تحت، اپنی پارٹنر تنظیم معجز فاؤنڈیشن کے تعاون سے یونین کونسل بہنیہ، ضلع نارووال میں سیلاب متاثرین میں راشن وغیرہ تقسیم کیا۔ اس موقع پر 230 متاثرہ خاندانوں میں خوراک اور غیر خوراکی اشیاء تقسیم کی گئیں جبکہ یہ تقسیم ضلع کے 1500 خاندانوں تک رسائی کے بڑے منصوبے کا حصہ ہے۔

ملک بھر کے 23 اضلاع میں جاری ایمرجنسی فلڈ ریسپانس کے دوران پی پی اے ایف خوراک، غیر خوراکی اشیاء، ہائی جین کٹس، میڈیکل کیمپس اور لائیواسٹاک ویکسینیشن مراکز فراہم کر رہا ہے۔ تمام سرگرمیاں اسفیئر معیارات کے مطابق اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے تحت جاری ہیں تاکہ شفافیت اور مؤثریت یقینی بنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2025 کے سیلاب نے یہ حقیقت واضح کردی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کوئی مستقبل کا خطرہ نہیں بلکہ آج کا چیلنج ہے۔

یہ تقسیم محض ریلیف سامان نہیں بلکہ یکجہتی اور امید کا پیغام ہے۔ حکومت پاکستان آزمائش کی اس گھڑی میں ہر متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہماری ذمہ داری فوری ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ طویل مدتی بحالی میں سرمایہ کاری کرنا بھی ہے تاکہ برادریاں محفوظ اور مضبوط ہو سکیں۔صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ کسی قوم کی پہچان آفت کے سائز سے نہیں بلکہ یکجہتی کی طاقت سے ہوتی ہے۔

پی پی اے ایف اور معجز فاؤنڈیشن کی یہ کوشش نہ صرف ریلیف کی فراہمی ہے بلکہ رحم دلی، یکجہتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی مثال ہے۔ حکومت پنجاب بحالی کے سفر میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر متاثرہ برادریوں کے لیے وقار، امید اور روزگار بحال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔پی پی اے ایف کے چیف پروگرامز ارشد رشید نے کہا کہ نارووال میں ہم 1500گھرانوں کو سپورٹ کر رہے ہیں جبکہ قومی سطح پر 27 اضلاع میں 45,000 خاندانوں تک رسائی کا ہدف ہے۔

اپنے 13 پارٹنرز کے ذریعے خوراک، غیر خوراکی اشیاء اور ہائی جین کٹس فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ 83 میڈیکل کیمپس اور 75 لائیواسٹاک ویکسینیشن کیمپس بھی لگائے جا رہے ہیں۔ امین بیت المال کے چیئرمین خواجہ وسیم احمد بٹ نے کہا کہ انسانیت کی خدمت ہمارا بنیادی فرض ہے۔ حکومت، پی پی اے ایف اور فلاحی اداروں کے درمیان تعاون فوری اور مؤثر ردعمل کے ساتھ ساتھ طویل المدتی بحالی کے لیے بھی نہایت ضروری ہے۔اس موقع پر سیاسی نمائندوں، سول سوسائٹی کے اراکین اور کمیونٹی لیڈرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے تعاون اور یکجہتی کے جذبے کو سراہا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات