Live Updates

وزیرتجارت جام کمال خان کی تہران میں ایرانی وزیر صنعت سے ملاقات، تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال

پیر 15 ستمبر 2025 21:16

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے تہران میں ایرانی وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات کے دوران سیلاب متاثرین کے لیے ایران کی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا، جس پر جام کمال خان نے شکریہ ادا کیا۔

دونوں وزراء نے مشترکہ اقتصادی کمیشن کی آئندہ میٹنگ میں تجارتی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ایک روڈمیپ تیار کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر 10 ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کے حصول کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ جام کمال خان نے بارٹر ٹریڈ، آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی ای) اور بارڈر مارکیٹس کو فعال بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دونوں ممالک نے سڑک، ریل اور بندرگاہوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا، تاکہ تجارتی روابط کو مضبوط کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر تجارت نے وزیراعظم شہباز شریف کے وڑن کے مطابق نجی شعبے کی سہولت کاری کو بھی فروغ دینے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔اس کے علاوہ پاکستانی چاول اور گوشت کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں مثبت پیش رفت کی علامت ہے۔ ایرانی وفد میں ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن، وزارت خارجہ اور چیمبر آف کامرس کے اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات