پاکستانی فرسٹ فیمیل پروفیشنل باکسر عالیہ سومرو کی پی ٹی آئی سندھ صدر حلیم عادل شیخ سے ملاقات

پیر 15 ستمبر 2025 19:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)پاکستانی فرسٹ فیمیل پروفیشنل باکسر عالیہ سومرو نے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ سے عادل ہاس کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پی ٹی آئی سندھ کے سینئر نائب صدر مولا بخش سومرو، رہنما فرخ خان، محمد علی بلوچ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے عالیہ سومرو کو پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور انہیں سندھ کی ثقافت کا نشان اجرک بطور تحفہ پیش کرتے ہوئے نیک تمناں کا اظہار کیا۔

پااکستانی فرسٹ فیمیل پروفیشنل باکسر عالیہ سومرو نے کہا کہ یہ میری خوش نصیبی ہے کہ میں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ انشا اللہ ڈبلیو بی سی ٹائٹل جیت کر بھی پاکستان کو فخر دلاں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ میرا پچھلا مقابلہ بھارت کی 75 کلوگرام کی کھلاڑی سے ہوا جو برابر رہا، اس سے قبل میں نے تھائی لینڈ کی باکسر کو شکست دے کر اعزاز حاصل کر چکی ہوں۔

میرا اگلا مقابلہ ایک بھارتی باکسر سے ہے، حکومت سے مطالبہ ہے کہ مجھے بھارت کے خلاف اس میچ میں اسپانسر کیا جائے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستانی فرسٹ فیمیل پروفیشنل باکسر عالیہ سومرو ہمارے ملک، شہر کراچی اور لیاری کا فخر ہیں۔ ان کے پاس کئی ٹائٹلز ہیں اور وہ ملک و صوبے کا نام روشن کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ ہم ان کے گھر بھی جائیں گے اور بھرپور سپورٹ فراہم کریں گے۔

یہ بچے ہمارے ملک کا اصل ٹیلنٹ ہیں، ہم سب کو مل کر ان کی حوصلہ افزائی اور مدد کرنی چاہیے۔پی ٹی آئی سندھ کے سینئر نائب صدر مولا بخش سومرو نے کہا کہ عالیہ سومرو ہماری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے تھائی لینڈ کی ہیوی ویٹ باکسر کو شکست دے کر ملک کا نام روشن کیا۔ اب ان کا اگلا مقابلہ بھارت کی باکسر سے ہے اور ہمیں امید ہے کہ عالیہ سومرو یہ میچ جیت کر ٹائٹل اپنے نام کریں گی۔پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان محمد علی بلوچ نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے مواقع فراہم کرے اور عالیہ سومرو جیسے کھلاڑیوں کو مکمل سپورٹ فراہم کرے تاکہ وہ اپنے کھیل میں مزید کامیابیاں حاصل کریں اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کریں۔