آئیسکو کے تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوری کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے منظم اور بھرپور کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، انجینئر چوہدری خالد محمود

پیر 15 ستمبر 2025 19:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) حکومت پاکستان اور وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کے خصوصی احکامات پر عمل کرتے ہوئے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(آئیسکو) کے تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوری کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے منظم اور بھرپور کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آئیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر چوہدری خالد محمود کے مطابق آئیسکو کی آپریشن، ایم اینڈ ٹی اور سرویلنس ٹیموں نے جاری مہم کے دوران 28 لاکھ سے زائد بجلی کے میٹرز چیک کیے اور5ہزار929بجلی چوروں کو پکڑا، 50کروڑ34لاکھ سے زائد کے جرمانے جبکہ آئیسکو کی درخواست پر پولیس نے2ہزار950بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا۔

انجینئر چوہدری خالد محمود نے کہا کہ بجلی چور اور سہولت کار ہمارے وطن عزیز پاکستان کے اس کی عوام کے اداروں کے کھلے دشمن ہیں اور انکی آئیسکو ریجن میں بالکل کوئی جگہ نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے آئیسکو افسران و عملہ کو ہدایات جاری کیں کہ کسی بھی دباؤ کے بغیر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھیں۔ انہوں نے آئیسکو صارفین سے اس قومی مہم میں آئیسکو کا ساتھ دینے کی درخواست کی اور کہا کہ وہ ان عناصر کی اطلاع متعلقہ ایس ڈی او، ہیلپ لائن نمبر118یا آئیسکو ہیڈ آفس اسلام آباد میں قائم چیف ایگزیکٹو کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کے نمبرز0519252933اور0519252934پر کریں کیونکہ ہم سب نے مل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے اور بجلی چور اس مقصد کے حصول کے لئے ایک رکاوٹ ہیں۔