وزیراعظم محمد شہباز شریف کا اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار، اسرائیل کی طرف سے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانا قابل مذمت ہے،انسانیت کے خلاف جنگی جرائم پر اسرائیل کو کٹہرے میں لانا ہوگا،وزیراعظم

پیر 15 ستمبر 2025 20:50

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار اور اقوام متحدہ میں اسرائیل کی رکنیت معطل کرنے کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانا قابل مذمت ہے،انسانیت کے خلاف جنگی جرائم پر اسرائیل کو کٹہرے میں لانا ہوگا،غزہ میں انسانیت سسک رہی ہے،ہم نے اجتماعی دانش کے تحت اقدامات نہ کیے تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔

پیر کو یہاں ہنگامی عرب اسلامی سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم ایک اور افسوسناک واقعہ کے تناظر میں اکٹھے ہوئے ہیں ،اسرائیل نے ہمارے برادر ملک قطر کی خود مختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی کی ہے، پاکستان قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ،اسرائیل کا قطر پر حملہ جارحانہ اقدامات کا تسلسل ہے، اسرائیل نے جارحیت کے ذریعے امن کی کوششوں کو شدید دھچکا پہنچایا ہے، اس جارحیت کے بعد سوال ہے کہ اسرائیل نے مذاکرات کا ڈھونگ کیوں رچایا،اسرائیل کی طرف سے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانا قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانیت سسک رہی ہے، انسانیت کے خلاف جنگی جرائم پر اسرائیل کو کٹہرے میں لانا ہوگا، اقوام متحدہ میں اسرائیل کی رکنیت معطل کرنے کی تجویز کی حمایت کرتے ہیں، غزہ میں شہری آبادی کو فوری اور ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم 1967ء کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کا قیام چاہتے ہیں،ہم نے اجتماعی دانش سے اقدامات نہیں کئے تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔\932