سندھ حکومت جمہوری روایات کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے،وزیر اعلی سندھ

پیر 15 ستمبر 2025 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج 15 ستمبر دنیا بھر میں یومِ جمہوریت کے طور پر منایا جا رہا ہے۔پیر کو وزیر اعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ عوام کے حقِ حکمرانی کو یقینی بنانا ہی حقیقی جمہوریت ہے اور سندھ حکومت جمہوری روایات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، شفافیت، انصاف اور عوامی خدمت ہی جمہوریت کا حسن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمہوریت عوام کی آواز ہے اور اس کی حفاظت ہم سب پر لازم ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد ہمیشہ عوامی حکمرانی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے رہی ہے، جمہوری اداروں کی مضبوطی ملک کے استحکام کی ضمانت ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے "پاکستان کھپے" کا نعرہ لگا کر قومی اتحاد کو قائم رکھا اور پارلیمان کو اختیارات منتقل کر کے جمہوریت کو مزید مضبوط کیا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج بھی جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جمہوریت ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔