پریس کالونی سرینگر میں سرینگر جموںشاہراہ کی بندش اور کشمیری کاشتکاروں کو ہونےوالے بھاری نقصانات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

منگل 16 ستمبر 2025 16:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں عوامی اتحاد پارٹی نے سرینگر جموں شاہراہ کی طویل بندش اور پھلوں سے لدے سینکڑوں ٹرک پھنسنے سے کشمیری کاشتکاروں کو ہونے والے کروڑوں روپے کے نقصانات کے خلاف پریس کالونی سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ایم ایل اے لنگیٹ شیخ خورشیدسمیت متعد د افراد کو گرفتار کرلیا ۔

ایم ایل اے لنگیٹ شیخ خورشید کی قیادت میں عوامی اتحاد پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے Save Appleاور Save Kashmir جیسے نعرے لگاتے ہوئے پر یس انکلیو میں احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہناتھاکہ قابض انتظامیہ جان بوجھ کر وادی کشمیر کی باغبانی کی معیشت کا گلا گھونٹ رہی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ایم ایل اے شیخ خورشیدنے سرینگر جموں ہائی وے کی مسلسل بندش کی مذمت کی اور اسے جموں و کشمیرکی معیشت پر حملہ قراردیا۔

انہوں نے کہاکہ باغبانی کی صنعت سے لاکھوں کشمیری خاندان وابستہ ہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ شاہراہ کی مسلسل بندش کی وجہ سےکشمیری سیب ٹرکوں میں خراب ہورہے ہیں اور یہ جموں و کشمیرپر ایک معاشی حملے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ کے کھوکھلے دعوئوں کے ذریعے پھلوں کے کشمیر ی کاشتکاروں کو ہونے والے بھاری نقصانات کو کم نہیں کیاجاسکتا ۔ اس مقصد کے لئے قابض انتظامیہ کو فوری عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔عوامی اتحاد پارٹی کے ترجمان انعام النبی نے مظاہرے کے دوران بھارتی پولیس کے کریک ڈائون اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ قابض انتظامیہ کشمیری کاشتکاروں کے حق میں آوا ز بلند کرنے والوں کو جبری گرفتار کررہی ہے ۔