کراچی:پادری واکر کی یاد میں دعائیہ کانفرنس، یعقوب شریف گِل کی شرکت

منگل 16 ستمبر 2025 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان کے زیر اہتمام پانچواں مرحوم پادری واکر میموریل کنونشن اور دعائیہ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں بانی و چیئرمین یعقوب شریف گِل نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے مرحوم پادری واکر کی مسیحی برادری کے لیے شاندار خدمات کو یاد کیا اور خراجِ تحسین پیش کیا۔

یعقوب شریف گِل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پادری واکر کی پوری زندگی خدمتِ خلق، اتحاد اور ایمان کی مضبوطی کے لیے وقف تھی۔

(جاری ہے)

وہ ایک ایسی شخصیت تھے جنہوں نے معاشرتی و روحانی سطح پر مسیحی برادری کو جوڑنے اور ان کی فلاح کے لیے گراں قدر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پادری واکر کی یاد ہمیشہ دلوں میں زندہ رہے گی اور ان کا مشن آج بھی برادری کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ خداوند کریم مرحوم کو اپنے حضور جلال عطا فرمائے اور ان کے خاندان کو صبر و سکون دے۔ کانفرنس میں شریک افراد نے بھی دعا میں حصہ لیا اور پادری واکر کی خدمات کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس تقریب نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ پادری واکر کی یاد اور ان کا مشن آج بھی مسیحی برادری کے دلوں میں زندہ ہے۔