اسرائیلی فوج کا قطر پر حملہ اورغزہ سٹی پرقبضہ قابل مذمت ہے‘ محمد جاوید قصوری

بدھ 17 ستمبر 2025 14:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے اسرائیلی فوج کا غزہ سٹی میں داخل ہونا ،40فیصد باشندوں کو جنوب کی طرف دھکیلنا اور بڑے زمینی و فضائی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی تھیلے سے بلی باہر ا ٓچکی ہے ، غزہ پر قبضہ کرنا اصل مقصد تھا جس کے لئے قتل و غارت گردی کا بازار گرم کیا گیا ،اس اقدام سے یہود و ہنود بے نقاب ہو گئے ہیں ، وقت کا تقاضا ہے کہ مسلم ممالک جاگیں ، اسرائیل کا غرور ایران نے خاک میں ملا دیا تھا، اگر آج غزہ کے نہتے مسلمانوں کے حق کے لئے نہیں اٹھے تو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت، متواتر بمباری اور فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے ، جن میں نہتے فلسطینی شہریوں کو شہید کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اسرائیل کی طرف سے فلسطینی علاقوں پر غیر قانونی قبضہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ، جس کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں بدامنی کی فضا بڑھ رہی ہے۔ اسرائیلی مظالم کی وجہ سے فلسطینیوں کو بغیر کسی وجہ کے حراست میں رکھا جا رہا ہے اور مسلسل بے رحمانہ تشدد کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

غزہ اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری جنگ کا بنیادی نشانہ عام شہری بنے ہیں۔انہوںنے واضح کیا ہے کہ مقبوضہ علاقوں سے شہریوں کو مستقل طور پر بیدخل کرنا ان کی جبری منتقلی کے مترادف ہے جو چوتھے جنیوا کنونشن کی سنگین خلاف ورزی اور انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ غزہ میں صحافیوں پر حملوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جہاں 7 اکتوبر 2023 کے بعد کم از کم 209 صحافی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیل عالمی اطلاعاتی اداروں کو غزہ میں داخلے کی اجازت دینے سے انکاری ہے۔

غزہ میں ادویات کا ذخیرہ تیزی سے ختم ہو رہا ہے جبکہ بڑی تعداد میں امدادی طبی سازوسامان غزہ کی سرحدوں سے باہر پڑا ہے۔ قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد مسلم دنیا کے دیگر حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہییں۔ہر ایک کی باری آئے گی ۔ مسلم دنیا کا اتحاد نا گزیر ہو چکا ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ’’ عالمی صمود فلوٹیلا‘‘70سے زائد کشتیوں پر مشتمل قافلہ نہتے اور مظلوم غزہ کے مسلمانوں کی مدد کے لئے آگے بڑھ رہے ہیں ، پر امن قافلے پر اسرائیلی ڈرون حملہ شرمناک اقدام ہے ۔