بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید لڑکے کے اہلخانہ کو معاوضہ اور سرکاری ملازمت دینے کا مطالبہ

بدھ 17 ستمبر 2025 14:16

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوج کی طرف سے بچھائی گئی بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہونے والے 12سالہ لڑکے کے اہلخانہ کو جائز معاوضہ اور سرکاری ملازمت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شہید ہونے والے لڑکے کی شناخت لارنو کوکرناگ کے شاہد یوسف کے نام سے ہوئی ہے جوخندرو فوجی کیمپ کے قریب بارودی سرنگ پھٹنے سے شدید زخمی ہواتھا اوربعد میں ہسپتال میں دم توڑ گیاتھا۔

وہ خندرو میں اپنے نانا نانی کے ساتھ رہ رہا تھا۔پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ شاہد یوسف نے پہلے اسلام آباد کے مقامی اسپتال اور بعد میں سرینگر کے فوجی اسپتال لے جانے کے باوجود زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔

(جاری ہے)

پی ڈی پی سربراہ نے کہاکہ شاہد ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتا تھا جو اب اس سانحے سے تباہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو اس معاملے میں مناسب معاوضہ فراہم کر کے اور خاندان کو سرکاری ملازمت کی پیشکش کر کے ہمدردی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں انہیںکچھ امید اور سہارا مل سکے۔دھماکہ اتوار کو اس وقت ہوا جب بھارتی فوج کی طرف سے بچھائی گئی بارودی سرنگ پھٹ گئی۔ لڑکا پیر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔