بھارت اور اسرائیل عسکری اتحاد کے ذریعے ریاستی دہشت گردی کے فروغ کیلئے سرگرم ہیں،ملک امیر کابل

بدھ 17 ستمبر 2025 14:16

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)صدر اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل کشمیر فورم لندن ملک امیر کابل نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل عسکری اتحاد کے ذریعے ریاستی دہشت گردی کے فروغ کے لیے سرگرم ہیں، بھارت دنیا کا ایک بڑا اسلحہ درآمد کرنے والا ملک ہونے کے باوجودآپریشن سندور میں ناکامی سے دوچار ہوا مسلح افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کا غرور خاک میں ملایا ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطین کے اندر مسلمانوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ دوسری جانب مقبوضہ جموں وکشمیر کے اندر بھارت کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ صہیونیت و ہندوتوا کا اسلاموفوبیا پر مبنی نظریہ مسلم دنیا کے لیے مشترکہ خطرہ بن چکا ہے کشمیر سے غزہ تک بھارتی و اسرائیلی افواج ایک جیسے ہتھیار اور جابرانہ حربے استعمال کر رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل و بھارت کی مسلم ممالک کے خلاف دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری کی خاموشی خطے کو جنگ میں دھکیل رہی ہے اب وقت آگیا ہے دنیا بھر کے مسلم ممالک یکجا ہو کر یہود وہنود کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور مل جل کر اتفاق واتحاد سے سازشوں کا مقابلہ کریں۔