عدالت درخواست سے متعلق ریکارڈ چیک کرکے فیصلہ کرے گی‘ جج کا فیصلہ

بدھ 17 ستمبر 2025 23:14

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فرحت جبیں رانا نے اڈیالہ جیل کے باہر سابق چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خانم پر انڈہ پھینکنے والی لڑکی پر مقدمہ کے اندراج کے خلاف دائر درخواست کو التوا میں رکھتے ہوئے قرار دیا ہے کہ عدالت درخواست سے متعلق ریکارڈ چیک کرکے فیصلہ کرے گی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز درخواست کی ابتدائی سماعت کے موقع پر علیمہ خانم اپنے وکیل فیصل ملک اور تابش فاروق کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں اس موقع پر علیمہ خانم کے وکیل نے موقف اختیار کیا درخواست گزار پر انڈا پھینکنے اور حراساں کرنے کا واقعہ قابل دست اندازی جرم ہے پولیس ہر ملاقات پر سابق چیئرمین کی فیملی کا راستہ روکتی ہے جبکہ پولیس عدالتی فیصلوں کی بار بار خلاف ورزی کرتی ہے وکیل کا موقف تھا کہ سابق چیئرمین کی فیملی کو پولیس وین میں اغوا کرکے چکری انٹرچینج پر چھوڑ دیا جاتا ہے علیمہ خان کے وکیل نے استدعا کی کہ درخواست گزار پر انڈا پھینکنے اور حراساں کرنے کے خلاف مقدمے کے اندراج کا حکم دیا جائے عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد قرار دیا کہ اس حوالے سے درخواست پر ریکارڈ چیک کرکے فیصلہ کیا جائے گا علیمہ خان نے انڈہ مارنے والی لڑکی کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 22 اے کے تحت مقدمہ کے اندراج کی درخواست دائر کر رکھی ہے دریں اثنا جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خانم نے کہا کہ مجھ پر انڈوں سے حملہ کرنے کا واقعہ اسکرپٹڈ تھا ان کا مقصد تھا اس واقعہ کو تحریک انصاف کے کارکنان کے ساتھ جوڑا جائے جن دو خواتین نے مجھ پر انڈا پھینکا ان کو پولیس نے بچایا حالانکہ پولیس نے کہا دونوں خواتین کو حراست میں لیا گیا لیکن بعد میں دونوں کو چھوڑ دیا گیا انہوں نے کہا کہ ہمیں پولیس نے بتایا بدتمیزی کرنے کے لئے 4 بندے آپ کے پیچھے ہیں انہوں نے کہا کہ کسی کی بھی ماں بیٹی پر اس طرح حملہ ہوگا کوئی برداشت نہیں کرے گا ہمارا معاشرہ اور دین خواتین سے اس طرح کی بدتمیزی کی اجازت نہیں دیتا انہوں نے کہا کہ دو سال سے ہم جیل آتے ہیں کبھی کوئی بدتمیزی کا واقعہ پیش نہیں آیا دو چار لوگوں کو باقاعدہ طور پر اب ماحول خراب کرنے کیلئے بھیجا جاتا ہے یہی دو چار لوگ میڈیا کو بھی بدنام کررہے ہیں یہ صحافی نہیں بلکہ میڈیا کے نام پر دھبہ ہیں انہوں نے کہا کہ کل بھی ہمارے ساتھ جیل کے باہر اسی خاتون نے بدتمیزی کی کوشش کی جس نے انڈا پھینکا کل ہمارے اوپر کسی نے جیل کے باہر پتھر بھی مارا پہلے انڈا پھینکا پھر بدتمیزی کی کل پتھر مارے اب چھرا بھی مار سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارا کام سابق چیئرمین کا پیغام پہنچانا ہے وہ ہم پہنچائیں گے ہم پر حملہ ہوا لیکن پولیس ہماری ایف آئی آر درج نہیں کررہی جی ایچ کیو حملہ کیس کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن واپس ہونے پر انہوں نے کہا کہ ہمارے وکلاء جی ایچ کیو حملہ کیس کا ٹرائل اے ٹی سی منتقل کرنے کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کریں گے انہوں نے کہا کہ قانون اور انصاف تو یہاں ہے نہیں یہ سابق چیئرمین کی آواز بند کرنا چاہتے ہیں۔