پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ، نو مئی کے مقدمات کا جیل ٹرائل منسوخ، ٹرائل انسداد دہشتگردی عدالت میں ہو گا

بدھ 17 ستمبر 2025 23:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) پنجاب حکومت نے جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت 9 مئی کے اہم مقدمات کا جیل ٹرائل منسوخ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اب جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت 9 مئی کے دیگر 11 مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں کی جائے گی، جہاں مقدمے کے تمام ملزمان عدالت میں پیش ہوں گے۔

پنجاب حکومت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کا جیل ٹرائل ختم کرتے ہوئے اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعتیں روک دی ہیں۔ نئے نوٹیفکیشن کے تحت بانی پی ٹی آئی کو ضرورت کے مطابق ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ عدالت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے وکلاء کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ آئندہ جی ایچ کیو حملہ کیس کا ٹرائل جیل کے بجائے ویڈیو لنک کے ذریعے ہو گا۔

(جاری ہے)

بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک نے بتایا کہ عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے اور اس کی کاپی آج ہی وکلاء صفائی کو فراہم کی جائے گی۔وکیل فیصل ملک نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر ٹرائل جیل میں نہیں ہو رہا تو بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش کیا جائے، اور اس حوالے سے ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی جائے گی۔ واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق حساس نوعیت کے مقدمات کا ٹرائل پہلے جیلوں میں کیا جا رہا تھا، تاہم اب حکومت کی پالیسی میں تبدیلی کے بعد یہ تمام مقدمات کھلی عدالتوں میں انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں سنے جائیں گے۔