وزیراعلیٰ پنجاب زرعی گریجویٹ انٹرن شپ پروگرام کے تحت فیصل آباد ضلع کی41 انٹرنیز کے اعزاز میں پروقار تقریب

بدھ 17 ستمبر 2025 23:05

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب چوہدری عبدالحمید نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب زرعی گریجویٹ انٹرن شپ پروگرام نوجوان گریجویٹس کو عملی تجربہ، زرعی مہارت اور پیشہ ورانہ اعتماد فراہم کر رہا ہے جو مستقبل میں ملک کی زرعی ترقی کے لئے قیمتی سرمایہ ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب زرعی گریجویٹ انٹرن شپ پروگرام کے تحت فیصل آباد ضلع کی41 انٹرنیز کے اعزاز میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں نوجوان زرعی گریجویٹس کو اعزازی اسناد پیش کی گئیں۔

تقریب کا اہتمام محکمہ زراعت توسیع پنجاب نے کیا۔انٹرنیز نے اپنی انٹرن شپ کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کے مختلف زرعی اقدامات جیسے گرین ٹریکٹر اسکیم،کسان کارڈ،آئی ٹی ٹیکنالوجی کے استعمال اور کلائمٹ اسمارٹ زراعت کے جدید طریقہ کار کے بارے میں کسانوں کو آگاہ کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے زرعی افسران کے ساتھ مل کر فیلڈ میں کسانوں تک جدید رحجانات اور عملی معلومات پہنچانے میں بھی حصہ لیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب چوہدری عبدالحمید تھے جنہوں نے انٹرنیز کو تعریفی اسناد پیش کیں اور ان کی محنت کو سراہا۔اس موقع پر شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ سب ڈویژن انفورسمنٹ آفیسر زبیر گیلانی نے انٹرنیز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی زرعی سرگرمیوں میں شمولیت سے نہ صرف کسانوں کی بہتر رہنمائی ممکن ہو رہی ہے بلکہ محکمہ زراعت کے فیلڈ پروگرامز میں بھی بہتری آئی ہے۔

ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری خالد محمود نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حافظ عدیل احمد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی محنت اور رہنمائی سے انٹرن شپ پروگرام کامیاب ہوا۔اسسٹنٹ چیف (پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ) رضوان علی نے کہا کہ زرعی گریجویٹ انٹرن شپ پروگرام سے نوجوان نہ صرف جدید علم سے آراستہ ہو رہے ہیں بلکہ انہیں کسانوں کے ساتھ براہِ راست کام کرنے کا قیمتی تجربہ بھی حاصل ہو رہا ہے جو ان کے کیریئر کو مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔مقررین نے آخر میں انٹرنیز کی محنت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور دعا کی کہ یہ نوجوان مستقبل میں پاکستان کی زرعی خوشحالی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے مؤثر کردار ادا کرتے رہیں۔