پنجاب یونیورسٹی کیمب اوررچنا ایگری بزنس کے درمیان مفاہمتی معاہدہ

بدھ 17 ستمبر 2025 22:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) پنجاب یونیورسٹی سنٹر آف ایکسی لینس ان مالیکیولر بائیولوجی (کیمب) نے اپنی مقامی طور پر تیار کردہ کاٹن سی کے سی ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ اور کمرشلائزیشن کے لیے رچنا ایگری بزنس کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے ۔ یہ تعاون جدید بائیو ٹیکنالوجی حل کے ذریعے پاکستان کے کپاس کے شعبے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اس سلسلے میںوائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی آفس کے کمیٹی روم میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی، ڈائریکٹر کیمب پروفیسرمعاذالرحمن اور رچنا ایگری بزنس کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میںوائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے اکیڈمیا،انڈسٹری کے تعلق کو سراہا اور پاکستان کے زرعی شعبہ میں حصہ ڈالنے کے لیے اس طرح کے تعاون کو دیگر فصلوں تک بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹرمعاذالرحمٰن نے کہا کہ کیمب کے سائنسدانوں کی طرف سے تیار کی گئی، کاٹن سی کے سی ٹیکنالوجی کا مقصد فصلوں کی لچک کو بڑھانا اور پیداواری صلاحیت کو بہتر بناکر ملک میں کپاس کی پائیدار پیداوار کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ شراکت داری تحقیق کو کھیت میں منتقل کرنے میں سہولت فراہم کرے گی جس سے کاٹن کے بیج کی بہتر ٹیکنالوجی کے ذریعے کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

رچنا ایگری بزنس کے عہدیداروں نے بڑے پیمانے پر پھیلاؤ اور کسانوں تک رسائی کے لیے کیمب کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ یہ معاہدہ کیمب کے جدید تحقیق اور زرعی کاروبار کے درمیان فرق کوکم کرنے کے وسیع مشن کا حصہ ہے، اس طرح پاکستان کے کاٹن سیکٹر کی ترقی اور ٹیکسٹائل کی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔