Live Updates

اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ باعث ِ تشویش ہے،نوید نارو

وافر گندم ذخائر کی موجود گی میں آٹے کی قیمتوں کو پر لگنا سمجھ سے بالاتر ہے،گھی،تیل،چینی، آٹا مافیاز اور حکومتی ملی بھگت پرانی بات، عوام کیا گھاس کھا ئے،مرکزی رہنما مہاجرقومی موومنٹ

بدھ 17 ستمبر 2025 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے مرکزی رہنما نوید نارو نے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب صرف بہانہ ہے اصل مقصد عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالنا ہے۔ نوید نارو نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ ایک جانب گندم کے وافر ذخائر کا اعلان کررہے ہیں تو دوسری جانب آٹے کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں، اگر گندم موجود ہے تو پھر قیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں اسکا جواب کوئی نہیں دے رہا۔

نوید نارو نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے پنجاب متاثر ہے لیکن سبزیوں سمیت اشائے ضروریہ سندھ میں مہنگی ہورہی ہے بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ عوام اب شاید سبزیوں سے بھی محروم کئے جارہے ہیں، سوال یہ پیدا ہوتا کہ کیا اب گھاس کھا کر گزارا کیا جائی ۔

(جاری ہے)

نوید نارو نے کہا کہ گھی،تیل،چینی،آٹا مافیاز اور حکومتی ملی بھگت پرانی بات ہے، ان مافیاز کی کمائی میں سندھ حکومت برابر کی حصہ دار ہے یہی وجہ ہے کہ غیر اعلانیہ مہنگائی کی روک تھام کرنے کی بجائے اسکی خاموش حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام پر رحم کھائے اور اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں اضافہ کنٹرول کرے کیونکہ روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی مہنگائی نے غریبوں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات