گورنمنٹ نیو علی گڑھ پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج ٹنڈو آدم میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد

جمعرات 18 ستمبر 2025 17:51

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) گورنمنٹ نیو علی گڑھ پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج ٹنڈو آدم میں پرنسپل پروفیسر یاد حسین شیخ کی میزبانی میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر ملک امام الدین شوقین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔کانفرنس میں کالج کے طلبہ و طالبات نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف عنوانات پر تقاریر، مقالات، نعتیں اور قرأت پیش کیں، جنہیں شرکانے خوب سراہا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق سینیٹر ملک امام الدین شوقین، ڈائریکٹر کالجز محمد سلیمان سیال، ایڈیشنل ڈائریکٹر کالجز حسین احمد رند، ڈپٹی ڈائریکٹر قمر الدین کیریو، مفتی محمد طاہر مدنی، مفتی عمر غوری و دیگر مقررین نے کہا کہ یہ کالج ضلع کا ایک مثالی ادارہ ہے، جہاں تاجدارِ ختمِ نبوت حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد ایک قابلِ ستائش عمل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کالج کے طلبانے شاندار انداز میں قرأت، حمد، نعت اور تقاریر پیش کیں، جو ان کی علمی و فکری تربیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ مقررین نے کالج انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم نہ صرف تعلیمی بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے رہی ہے۔ سابق سینیٹر ملک امام الدین شوقین نے طلباکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے نقد انعامات دینے کے ساتھ ساتھ کالج کے لیے 10 کے وی سولر سسٹم فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

کانفرنس میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ٹنڈو آدم کی پرنسپل پروفیسر فاطمہ سندھو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالجز شہید بینظیر آباد ریجن عطا محمد سیال، پروفیسر بلال احمد غوری، سندھ ادبی سنگت ٹنڈو آدم کے سیکرٹری محمد اخلاق وریاہ، منصور بجورو، گل حسن لاکو، انجمن تاجران کے صدر اقبال بھٹی اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے آغاز میں مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے اور کتب بطور تحفہ پیش کیے گئے، جبکہ کالج کے لوئر سٹاف کو بہترین کارکردگی پر شیلڈز بھی دی گئیں۔