برطانیہ و پاکستان چیمبر آف کامرس کے وائس چیئرمین میاں سعد حسن اپنا یورپی یونین کا دورہ مکمل کرکے رحیم یارخان پہنچ گئے

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:21

رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء) ممتاز بزنس مین اور برطانیہ و پاکستان چیمبر آف کامرس کے وائس چیئرمین میاں سعد حسن اپنا یورپی یونین کا دورہ مکمل کرکے رحیم یارخان پہنچ گئے جہاں انہوں نے نوجوان طلباء وطالبات کے روشن مستقبل اوربزنس کے حوالہ سے بہت سارے سیمینار ز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور رحیم یار خان کیمپس کا خیرسگالی دورہ کیا، انہوں نے ڈائریکٹر کیمپس ڈاکٹر محمد سہیل شریف سے خصوصی ملاقات کی۔

اس موقع پر کیمپس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فہد جاوید بیگ اور ایڈمنسٹریٹو آفیسر فار ڈائریکٹر محمد رفیق چوہدری بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران میاں سعد حسن نے کہا کہ نوجوان طلباء وطالبات ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں،جدیدطرزتعلیم سے انہیں روشناس کرانا پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے انہوں نے یونیورسٹی کے طلباء کے لئے بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم کے خصوصی مواقع فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی کے طلباء میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور ڈاکٹر محمد سہیل شریف جیسے وژنری سربراہ کی قیادت میں یہ ادارہ تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سہیل شریف کی انتھک محنت اور طلباء کے لئے جدید سہولیات کی فراہمی ان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ڈائریکٹر کیمپس ڈاکٹر محمد سہیل شریف نے میاں سعد حسن کو برطانیہ کے کامیاب دورے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزنس اور ایجوکیشن کے شعبے میں میاں سعد حسن کی خدمات قابلِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کر کے انہوں نے نہ صرف ملک کا وقار بلند کیا بلکہ مقامی نوجوانوں کے لئے بھی نئے دروازے کھولے ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر یونیورسٹی کی جاری شجر کاری مہم میں میاں سعد حسن نے اپنے حصہ کا پودا بھی لگایا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیم اور بزنس کے میدان میں باہمی تعاون کے ذریعے رحیم یار خان کے نوجوانوں کو روشن مستقبل فراہم کیا جائے گا۔