Live Updates

ورلڈ فوڈ پروگرام اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سیلاب متاثرہ اضلاع میں غذائیت کی کمی کا شکار بچوں اور حاملہ خواتین کے لئے اشتراک

جمعرات 18 ستمبر 2025 22:54

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء) جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ اضلاع میں غذائیت کی کمی کا شکار 2 سال سے کم عمر بچوں، دودھ پلانے والی ماوں اور حاملہ خواتین کو غذائی امداد کی فراہمی کے لئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے درمیان اشتراک عمل پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے پروگرام آفیسر جیک فرتھ پاول اور صوبائی ہیڈ ڈاکٹر عمارہ خان نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سے ملاقات کی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ہدف سیلاب زدگان کے لئے ریلیف سرگرمیوں کو تیز تر کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ، ورلڈ فوڈ پروگرام کو انتظامیہ سے رابطے اور عملی اقدامات میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دونوں اداروں کے مابین ہم آہنگی سے غذائیت کا شکار بچوں اور خواتین کو ہنگامی ریلیف پروگرام کو کامیابی سے ہم کنار کیا جائے گا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں بچوں کو دودھ فراہم کیا جا رہا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے کردار کو سراہا اور اسے قابل تعریف قرار دیا۔ورلڈ فوڈ پروگرام کے وفد نے بریفنگ میں بتایا کہ پہلے مرحلے میں یہ پروگرام ملتان، مظفرگڑھ، خانیوال اور بہاولپور میں شروع کیا جا رہا ہے۔

بچوں اور خواتین کو غذائیت سے بھرپور آٹا، دالیں اور گھی فراہم کیا جائے گا۔اس کے علاوہ غذائیت کا شکار بچوں اور حاملہ و دودھ پلانے والی خواتین کو فوڈ سپلیمنٹس اور ہائی انرجی بسکٹ بھی دیے جائیں گے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ غذائی امداد صرف فلڈ ریلیف کیمپس ہی نہیں بلکہ گھروں میں بھی فراہم کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ متاثرہ آبادی کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات