لاہور پریس کلب فیز ٹو کے لئے 40 کروڑ کی گرانٹ منظور

جمعرات 18 ستمبر 2025 22:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء) لاہور پریس کلب ہاؤسنگ کالونی فیز ٹو کے لئے صوبائی بجٹ 2025-26ء میں منظور کردہ 40 کروڑ روپے وزارت اطلاعات پنجاب کو منتقل ہونے پر لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی نے فیز ٹو کے تمام ممبران کو دلی مبارک باد پیش کی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر افضال طالب، نائب صدر صائمہ نواز، جنرل سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، سیکرٹری فنانس سالک نوار اور ممبران گورننگ باڈی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور کے صحافیوں سے کیا گیا وعدہ عملی طور پر پورا کر دکھایا ہے۔

(جاری ہے)

یہ اقدام صحافی برادری سے وزیراعلیٰ پنجاب کی دوستی اور سرپرستی کا واضح ثبوت ہے۔

گورننگ باڈی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آئندہ چند روز میں زمین کے حصول کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا جا رہا ہے، جس میں زمین کی نشاندہی اور خریداری کا تمام عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر سوشل میڈیا پر فیز ٹو کے خلاف مایوس عناصر کی بلا جواز تنقید کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ منصوبہ ہزاروں صحافیوں اور ان کے اہلخانہ کے گھر کا خواب ہے اور اس کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے۔

صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ 40 کروڑ روپے کی خطیر گرانٹ اب کسی دوسرے منصوبے میں منتقل نہیں ہو سکے گی۔ انہوں نے ممبران پر زور دیا کہ وہ اپنی ہی چھت کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کا محاسبہ کریں اور اتحاد قائم رکھیں۔ انہوں نے اس سنگ میل کی تکمیل پر تمام ممبران کو مبارکباد دی اور کہا کہ پریس کلب اس اہم منصوبے کو پایہ? تکمیل تک پہنچانے کے لئے تمام اقدامات کرے گا۔