ژ* شیرانی حملہ ناکام بنانے پر بلوچستان کانسٹیبلری کے جوانوں کو خراجِ تحسین

جمعرات 18 ستمبر 2025 19:25

ٴْکوئٹہ (آن لائن ایڈیشنل آئی جی پی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف نے کہا ہے کہ حالیہ شیرانی حملے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے بہادر جوانوں نے جواں مردی سے دشمن کا حملہ پسپا کر کے عوام کی جان و مال کو محفوظ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ 40 سے زائد حملہ آوروں نے کانسٹیبلری کے کیمپ پر حملہ کیا جسے جوانوں نے بروقت اور دلیرانہ کارروائی سے ناکام بنایا اور ایک بڑے سانحے سے بچا لیا۔

بی سی ہیڈکوارٹر بد لائن میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آغا محمد یوسف نے کہا کہ دشمن عناصر بلوچستان میں امن و امان اور معاشی سرگرمیوں کو سبوتاڑ کرنے کے درپے ہیں، خصوصاً چائنا کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن کانسٹیبلری کے جوان ہر مشکل کا سامنا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شہید جوان الطاف حسین کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے لیے QPM اور PPM اعزازات کی سفارشات کی گئیں جبکہ شہید اور ان کی ٹیم کے لیے نقد انعامات اور اسناد کا بھی اعلان کیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری شاد ابن مسیح، ایس ایس پی ہیڈکوارٹرز اور تمام زونل کمانڈرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری نے ہدایت دی کہ تمام زونز میں اینٹی رائٹ کورسز اور آپریشنل کورسز کا انعقاد کیا جائے، اور جہاں اینٹی رائٹ سامان کی کمی ہے وہاں فوری رپورٹ بھیجی جائے تاکہ سامان فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید حکم دیا کہ آئندہ کوئی بھی پلاٹون 25 جوانوں سے کم پر مشتمل نہیں ہوگی اور اسلحہ و ایمونیشن کی ہفتہ وار صفائی و ریکارڈ یقینی بنایا جائے۔