کامن ویلتھ رپورٹ، "ووٹ کو عزت دو" کا نعرہ لگانے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے، بیرسٹر سیف

جمعرات 18 ستمبر 2025 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ رپورٹ، "ووٹ کو عزت دو" کا نعرہ لگانے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے،کامن ویلتھ رپورٹ مینڈیٹ چوری کا سب سے بڑا اور واضح ثبوت ہے،یہ ایک غیرجانبدار رپورٹ ہے، اسے فوری طور پر پبلش کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے کالے کرتوت چھپانے کی کوشش نہ کرے، ووٹ چوری کرنا غداری کے زمرے میں آتا ہے ، کامن ویلتھ رپورٹ، الیکشن کمشنر کی غداری کا واضح ثبوت ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مطالبہ کیا کہ کامن ویلتھ کے اعلیٰ حکام معاملے کا نوٹس لے کر فوری طور پر رپورٹ پبلش کریں، یہ ووٹ کے تقدس کی پامالی کا معاملہ ہے،پاکستان کے عوام کامن ویلتھ سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کے ووٹ چوری کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے۔

مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر نے کہا کہ عوام کے ووٹ چوری کرنے والے غدار ہیںمینڈیٹ چور حکومت کے پاس نہ اخلاقی اور نہ قانونی جواز ہے اس لئے کامن ویلتھ کی رپورٹ کو پبلش نہیں کرنے دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ رپورٹ پبلش ہونے کے بعد مینڈیٹ چور حکومت کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔