Live Updates

ویمن یونیورسٹی ملتان میں معذور افراد کی پہلی کاروباری نمائش

جمعہ 19 ستمبر 2025 13:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) ویمن یونیورسٹی ملتان نے سوسائٹی فارسپیشل پرسنزاورزبیدہ امجل سینٹر فارانڈیپنڈنٹ لیونگ آف ویمن ود ڈس ایبلٹیزکے اشتراک سےکچہری کیمپس میں معذور افراد کی پہلی کاروبا ری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں جبکہ صدر سوسائٹی فار سپیشل پرسنز زاہدہ حمید ، رکن زبیدہ امجل سینٹر فار انڈیپینڈنٹ لیونگ ڈاکٹر فرزانہ امجل اور چیئرمین سوسائٹی فار سپیشل پرسنز اعجاز احمد شاہ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی نے پہلی بار معذور خواتین کے بنائے گئے فن پاروں کی کاروباری نمائش کا انعقاد کیا جوان کی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے اور عام خواتین کی طرح ان کی صلاحتیوں کااعتراف بھی ہے۔

(جاری ہے)

نمائش کا مقصد پاکستان کے معاشی اور سماجی ترقی کے منظر نامے میں معذور خواتین کی شمولیت، بااختیار بنانے اور ان کی شناخت کے لئے بامعنی مواقع پیدا کرنا ہے۔

اس طرح کے پلیٹ فارمز نہ صرف معذور خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگرکریں گے بلکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب پاکستان کی پیشرفت کو بھی تقویت دیں گے ۔ اس موقع پر معذر خواتین نے اپنے فن پاروں کے سٹال بھی لگائے جن میں دستکاری، ملبوسات، کھانے پینے کی اشیا ، ڈیجیٹل خدمات اور اختراعی سٹارٹ اپ آئیڈیاز سمیت متعدد مصنوعات اور خدمات پیش کی گئیں تھیں۔

وائس چانسلر نے مختلف سٹال کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر زاہدہ حمید اور ڈاکٹر فرزانہ نے کہا کہ معذور خواتین کے لئے جامع پالیسیوں اور فعال تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہم نے سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا ہے اور معذور افراد کو خصوصی مدد فراہم کی ہے۔ایکسپو میں مختلف تدریسی شعبوں کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور طلبا کی کثیر تعداد بشمول معذور طلبا نے شرکت کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات