Live Updates

حالات کی رفتار بتا رہی کہ پی ٹی آئی اور کچھ جج صاحبان باہمی مفاد کی خاطرمستعفیٰ ہو جائیں گے

ہدف کیا ہے؟ پاکستان کو پھر کسی بڑے بحران میں دھکیلنا؟ امکان کیا ہے؟ ایک اور بڑی ناکامی، ایک اور بڑی رسوائی! سینیٹرعرفان صدیقی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 19 ستمبر 2025 19:48

حالات کی رفتار بتا رہی کہ پی ٹی آئی اور کچھ جج صاحبان باہمی مفاد کی خاطرمستعفیٰ ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 19 ستمبر 2025ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ حالات بتا رہےکہ پی ٹی آئی اور کچھ جج صاحبان باہمی مفاد کی خاطرمستعفیٰ ہو جائیں گے۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ قائمہ کمیٹیاں ، پارلیمنٹ کی روح ہیں۔ پی ٹی آئی اگر  قومی اسمبلی اورسینیٹ میں موجود ہے تو بہتر ہوکہ وہ سٹینڈنگ کمیٹیوں میں بھی موجود رہے اور اپنا جمہوری کردار ادا کرے ۔

لیکن حالات کی رفتار یہ بتا رہی ہے کہ کچھ ہی عرصے میں مایوسی کی جھنجھلاہٹ میں پی ٹی آئی، پارلیمنٹ سے اور کچھ جج صاحبان، عدلیہ سے ، لگ بھگ ایک ساتھ ، باہمی مفاد کی خاطرمستعفیٰ ہو جائیں گے۔ ہدف کیا ہے؟ آگے بڑھتے پاکستان کو پھر کسی بڑے بحران میں دھکیلنا؟ امکان کیا ہے؟ ایک اور بڑی ناکامی، ایک اور بڑی رسوائی! دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا میں الیکٹروبس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ پرانے ریکارڈ توڑرہی ہے اور نئے ریکارڈ بنارہی ہے۔

(جاری ہے)

عالمی ادارے پاکستان کی معیشت میں بہتری اور مہنگائی کم ہونے کی باتیں کرتے ہیں۔ آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی پر دنیا بھر میں پاکستان کی دھاک بیٹھ گئی۔ ایک شخص جگہ جگہ جاکر لڑائیاں کراتا تھا، اب سیاسی اور عسکری قیادت نیک نیت لوگوں پر مشتمل ہے۔ شہباز شریف کو ہی نہیں بلکہ پاکستان کو سعودی عرب میں سلامی دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ لوگ جنہوں نے مسجد نبوی اور شہباز شریف اور وفد کی تضحیک کی کوشش کی آج نامراد ہیں۔

نبیؐ کے سامنے آواز اونچی کرنے کی اجازت نہیں اور شرپسند نعرے لگاتے رہے۔آج مسجد نبوی اور حرم پاک میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف صاحب کواللہ نے عزت دی۔ شہباز شریف صاحب کی سعودی عرب میں تاریخی عزت افزائی کی گئی۔ ایک پرائم منسٹر ہواکرتا تھا جس کو جہاز سے اتار کر کہا گیا کہ جاؤ بھائی۔ محمد نواز شریف کے بھائی شہباز شریف کو سعودی عرب کی فضاؤں میں جنگی طیاروں نے سلامی دی۔

سعودی عرب نے پاکستان کے لئے تعریفی گانا بنا کرریلیز کیا۔ سعودیہ میں سبز پرچموں کی بہار تھی، عزت افزائی کی وجہ حکمران کا دھرتی سے پیار ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے سبز پاسپورٹ کی عزت بڑھی ہے۔ محض نعرے مارنے سے عزت نہیں ملتی، کبھی عسکری ادارے اور کبھی دوسروں کا نام لیکر ٹوئٹ کرنے سے عزت نہیں ملتی۔ دنیا بدل چکی ہے پاکستان آگے بڑھ چکا اور وہ شخص قصہ پرینہ بن چکا ہے۔

اللہ کا شکر ہے کہ کسی کے نصیب میں عزت آئی اور حرم پاک کی پاسبانی کا شرف ملا۔ سعودی عرب نے کہا کہ پاکستان پر حملہ سعودی عرب پر حملہ اور سعودی عرب پرحملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی انتھک محنت اور بصیرت کو سلام پیش کرتی ہوں اورسعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی عرب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کا تعلق لازوال رشتہ میں بدل چکا ہے،آنے والی نسلوں کو نصاب میں یہ بتایا جائے گا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات