پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدہ قومی امنگوں کا ترجمان ہے، مصطفیٰ ملک

ہفتہ 20 ستمبر 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان غلام مصطفیٰ ملک نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدہ قومی امنگوں کا ترجمان ہے ،اس اہم سنگ میل پر کل قوم سے " یوم تشکر "منانے کی اپیل کرتے ہیں۔ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں مصطفیٰ ملک نے کہا کہ پارٹی سربراہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے اس اہم دفاعی منصوبے پر انتہائی مسرت کا اعلان کیا ہے ، وہ ہمیشہ پاک سعودیہ گرم جوش تعلقات کے لیے سرگرم رہتے ہیں،پاکستان کو ارض حرمین الشریفین کی سکیورٹی ملنا سعادت کی بات ہے۔

مصطفیٰ ملک نے کہا کہ میری جماعت سمجھتی ہے کہ بنیان مرصوص کے بعد پاکستان کا بہترین تشخص اقوم عالم کے سامنے ابھرا ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مشترکہ کوششوں ،دفاعی اداروں ، پارلیمان اور قوم کی بے مثال یکجہتی نے ہمیں یہ خوشی اور عظیم دن دیکھنا نصیب کیا۔

(جاری ہے)

مصطفیٰ ملک نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت کی بہترین حکمت عملی سے پاکستان اقوام عالم کی آنکھوں کا تارا بن گیا ہے،سعودی ولی عہد محمد بن سلیمان بھی پاکستان سے خصوصی محبت رکھتے ہیں، سعودی حکومت اور عوام کی محبت ہمارا اثاثہ ہے ۔

مصطفیٰ ملک جو وزارت اوورسیز پاکستانیز کے فوکل پرسن بھی ہیں ،نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ انکے مثبت کردار کی وجہ سے اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند کرنے میں سمندر پار پاکستانی بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں،وزارت خارجہ، وزارت اوورسیز پاکستانیز سمیت سمندر پار پاکستانیوں نے بیک ڈور ڈپلومیسی میں اہم کردار ادا کیا ۔ مصطفیٰ ملک کا کہنا تھا کہ قومی مفادات ہر ایک پاکستانی کو ہر بات پر مقدم ہونے چاہیں۔وطن کے دفاع، استحکام اور خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا ۔